بنوں ،جرگے پر مسلح افراد کا حملہ، ایک شخص جاں بحق، 3زخمی

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں جرگے پر مسلح حملہ آوروں کے حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

بنوں پولیس کے ترجمان کاشف نواز نے بتایا ہے کہ سردی خیل برادری کی جانب سے منڈی خیل کے علاقے میں منعقد کردہ ایک جرگے پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا اور رہنما ملک عید نواز سردی خیل کو اغوا کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں جرگے کے شرکا کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افراد نے شرکا پر فائرنگ کر دی، جس سے ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل سمیت تین دیگر افراد زخمی ہوئے۔کاشف نواز نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کیا گیا، مزید کہنا تھا کہ پولیس کی ایک پارٹی جائے وقوعہ پر گئی تاکہ علاقے میں امن برقرار اور دہشت گردوں کو تلاش کیا جاسکے۔