Live Updates

محرم الحرام،پانی کی فراہمی،نکاسی آب کے لیے ٹیمیں تشکیل

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت، تمام واسا ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا محرم الحرام کوتمام واسا ایجنسیاں جلوس کے روٹس پر اضافی عملہ اور مشینری تعینات کریں گی

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران نکاسی آب اور پانی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تمام واسا ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے اہم احکامات جاری کیے۔ہدایات کے مطابق 10 محرم الحرام کو تمام واسا ایجنسیاں جلوس کے روٹس پر اضافی عملہ اور مشینری تعینات کریں گی تاکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا پریشانی سے بچا جا سکے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی ہے کہ واٹر سپلائی کے نظام کو ہر صورت فعال رکھا جائے، تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ٹیوب ویلز چوبیس گھنٹے کام کرتے رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مون سون ریلیف کیمپوں میں بھی عملے کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کسی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

یومِ عاشور کے موقع پر بارش کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلیف آپریشن کے لیے پہلے سے ہی خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متحرک ہو سکیں گی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور متعلقہ اداروں سے مکمل رابطے میں رہ کر سروس ڈیلیوری کے عمل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس وژن کا حصہ ہیں جس کے تحت عوامی ریلیف اور سہولت کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جا رہا ہے۔یہ اقدامات نہ صرف یومِ عاشور کے موقع پر عزاداروں کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ شہر بھر میں انتظامی نظم و ضبط اور بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کی عمدہ مثال بھی بنے گا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات