یوم عاشورہ کے جلوسوں و منعقدہ مجالس میں ریسکیو1122کی جانب سے ایمرجنسی میڈیکل کوریج کی فراہمی

اتوار 6 جولائی 2025 16:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) یوم عاشورہ کے جلوسوں و منعقدہ مجالس میں ریسکیو1122کی ٹیمیں ایمرجنسی میڈیکل کوریج مہیا کر رہی ہیں۔ترجمان ریسکیو 1122ترجمان زاہد لطیف کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال اورایمرجنسی آفیسر آپریشنز طارق محمود کی زیر قیادت و نگرانی فیصل آباد اور تحصیلوں میں یوم عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کے لئے منتخب پوائنٹس پر 54 ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جن میں مجموعی طور پر 700 ریسکیو اہلکار طبی امداد کی فراہمی کیلئے ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جدید سازوسامان سے مزین ادارے کی 25 اور پرائیویٹ 16 ایمبولینسیں، 13 فائر وہیکلز، 115 ریسکیو بائیکس فیلڈ میں موجودہیں نیز 200 رضاکار بھی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیورز و ریسکیو اسکاؤٹس پر مشتمل موبائل میڈیکل ٹیمیں جلوس کے ساتھ موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا جا سکے۔اس کے علاوہ کنٹرول روم سٹاف بھی الرٹ ہے جبکہ کنٹرول روم میں بھی ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے تمام ریسکیو پوسٹوں اور ایمرجنسی وہیکلز کی نگرانی کی جارہی ہے۔