وزیر خوراک خیبرپختونخوا کی زیر صدارت صوبے میں گندم و آٹے کی صورتحال کا جائزہ اجلاس

پنجاب حکومت آئین کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی بند کرے اور خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں کو گندم و آٹے کی سپلائی بحال کرے، وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو

منگل 9 ستمبر 2025 20:40

وزیر خوراک خیبرپختونخوا کی زیر صدارت صوبے میں گندم و آٹے کی صورتحال ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہرشاہ طورو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور کسی قسم کی کمی کا کوئی خدشہ نہیں۔ تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 151 کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں کو گندم و آٹے کی سپلائی پر پابندی کے باعث قیمتوں میں وقتی اضافہ ہوا ہے، جو جلد قابو میں آ جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں صوبے میں گندم اور آٹے کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک شاہ محمود، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق احمد، ڈائریکٹر فوڈ محسن اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ فوڈ افسراننے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبہ بھر کے اضلاع میں سرکاری گوداموں میں گندم کے ذخائر اور آٹے و گندم کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر سیکرٹری فوڈ نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا کو سالانہ 5․3 ملین میٹرک ٹن گندم درکار ہوتی ہے جس میں 1․4 ملین میٹرک ٹن صوبے کی اپنی پیداوار ہوتی ہے جبکہ باقی ضرورت دیگر صوبوں خصوصاً پنجاب یا دیگر ذرائع سے پوری کی جاتی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ خوراک کے پاس اس وقت سرکاری گوداموں میں تقریباً 0․273 ملین میٹرک ٹن گندم ذخیرہ موجود ہے جبکہ ملک بھر میں بھی بالخصوص پنجاب میں گندم کی کوئی کمی نہیں۔

اجلاس کیدوران وزیر خوراک کو یہ بھی بتایا گیا کہ اج گندم کی قیمتوں کمی آئی ہے اور بہت جلد اسمیں مزید کمی آئے گی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی نے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ دیگر صوبوں کے عوام کو متاثر کیا ہے اور بالخصوص غریب طبقہ اس کے اثرات بھگت رہا ہے۔

انہوں نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر یہ غیر آئینی اقدام واپس لیا جائے اور خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں کو گندم و آٹے کی فراہمی بحال کی جائے تاکہ آٹے کی قیمتوں میں کمی لائی جا سکے اور عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔مزید برآں، وزیر خوراک نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ مستقبل میں اس طرح کے حالات سے بچنے کے لیے ایک منظم نظام اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے متعلقہ فورمز پر سفارشات پیش کی جائیں تاکہ غریب اور کمزور طبقے کو ہر صورت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیر خوراک نے تمام ڈسٹرکٹ فوڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت نگرانی کریں، اگر کسی کو ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف بلا تاخیر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔