شاہ محمود قریشی ایک اور مقدمے میں بری، یاسمین راشد، محمود الرشید ،اعجاز چوہدری، سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید

خدیجہ شاہ کو پانچ سال قید ،روبینہ جمیل کو مقدمے سے بری کردیا گیا،ملزمان کیخلاف سپریم کورٹ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کا مقدمہ درج تھا

منگل 9 ستمبر 2025 20:50

شاہ محمود قریشی ایک اور مقدمے میں بری، یاسمین راشد، محمود الرشید ،اعجاز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی جلا ئوگھیرا ئوکے ایک اور مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کردیا جبکہ میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید کی سزا سنا دی۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت لاہور نے 9 مئی کو جناح ہائوس کے قریب چوک میں سپریم کورٹ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کے مقدمے کا فیصلہ سنا یا۔

کوٹ لکھپت جیل میں سنائے گئے فیصلے میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما ئومیاں محمود الرشید، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو دس، دس سال قید کی سزا سنادی۔

(جاری ہے)

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اسی مقدمے میں خدیجہ شاہ کو پانچ سال قید کی سزا سنائی جبکہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور روبینہ جمیل کو مقدمے سے بری کردیا گیا۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو تیسرے جلا ئوگھیرا ئوکے مقدمے سے بری کیا ہے۔ملزمان پر9 مئی کو جناح ہائوس کے قریب چوک میں سپریم کورٹ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کا مقدمہ تھانہ سرور روڑ میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔اس مقدمے میں کل ملزمان 51 تھے ، جن میں سے 12 ملزمان اشتہاری ہوئے تھے جبکہ 39 ملزمان کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔