مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تشکیل میں دیہی آبادی کا کردار نہایت اہم ہے، وزیر بلدیات ارشد ایوب خان

اتوار 6 جولائی 2025 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ دیہی آبادی نہ صرف ہماری تہذیب و ثقافت کی امین ہے، بلکہ ملکی معیشت کا ستون بھی ہے۔دیہی ترقی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں اکثریتی آبادی دیہی علاقوں میں مقیم ہے، جو زراعت، مالداری اور چھوٹے پیمانے پر صنعتوں سے وابستہ ہے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ ہماری حکومت دیہی ترقی کو خیبرپختونخوا کی مجموعی ترقی کے ایک کلیدی عنصر کے طور پر دیکھتی ہے۔ ہم پائیدار ترقی کے اہداف کو مدِنظر رکھتے ہوئے زراعت، دیہی انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، روزگار، خواتین کی بااختیاری اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات متعارف کروا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دیہی سڑکوں کے جال کو وسعت دینے، صاف پانی و نکاسی آب کی سہولیات بہتر بنانے، دیہی خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی تکنیکوں کو فروغ دینے کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں۔

ارشد ایوب خان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ موجودہ حکومت دیہی آبادی کی فلاح و بہبود کو سنجیدگی سے ترجیح دیتی ہے۔ آج کے دن ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے دیہی علاقوں کو ترقی، خوشحالی اور خودانحصاری کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تشکیل میں دیہی آبادی کا کردار نہایت اہم ہے اور خیبرپختونخوا حکومت اس ذمہ داری کو مکمل احساس کے ساتھ نبھا رہی ہے۔