صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا دس محرم الحرام کو سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گوجرانوالہ کا دورہ

اتوار 6 جولائی 2025 22:40

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا، انہوں نے جلوس روٹس پر سکیورٹی اوردیگر انتظامات چیک کئے۔ امام بارگاہ گلستان معرفت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام انتظامات تسلی بخش ہیں انتظامیہ اور پولیس نے بہترین انتظامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے حکم پر عزاداروں کی سہولت کے لئے سبیلیں لگائی گئی ہیں اور فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کئے ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے،امام حسینؓ کا پیغام مذہب و ملت سے بالاتر ہے،حق و سچائی کے لیے کھڑا ہونا انسانیت کا بنیادی اصول ہے، تمام اقلیتیں امام حسینؓ کی قربانی کو عقیدت سے دیکھتی ہیں، کربلا ظلم کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ ہیں،کربلا کا پیغام ہر مظلوم کے لیے ہمت و حوصلے کا پیغام ہے،میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا کردار تمام مذاہب کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔کربلا ہمیں سکھاتا ہے کہ ظلم کے خلاف خاموشی بھی جرم ہے۔امام حسینؓ کا پیغام عالمی انسانی اقدار کا علمبردار ہے،انسانیت، محبت اور اتحاد ہی کربلا کا اصل پیغام ہے،ہمیں انفرادی و اجتماعی زندگی میں کربلا کا پیغام اپنانا ہوگا، بین المذاہب رواداری اور احترام وقت کی ضرورت ہے۔

کمشنر سید نوید حیدر شیرازی،آر پی او طیب حفیظ چیمہ،ڈی سی نوید احمد،سی پی او ایاز سلیم رانا بھی انکے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ شہریوں کی دشواری کو مدنظر رکھتے ہوئے موبائل سروس کی بندش نہیں کی گئی۔