خدارا عام آدمی پر رحم کریں اور 200 یونٹ والی بدمعاشی ختم کریں، اداکار نعمان اعجاز کی اپیل

گرمی میں ایک عام آدمی کبھی میٹر کی طرف دیکھتا ہے، کبھی سورج کی طرف اور کبھی اپنے بچوں کی طرف، لیکن کہیں سے بھی کوئی آسانی نظر نہیں آتی؛ ملک کے سینئر ٹی وی اداکار کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 7 جولائی 2025 13:03

خدارا عام آدمی پر رحم کریں اور 200 یونٹ والی بدمعاشی ختم کریں، اداکار ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی 2025ء ) ملک میں بجلی کے نرخوں میں حالیہ رد و بدل پر اداکار نعمان اعجاز نے یونٹ بڑھنے پر قیمتوں میں اضافے پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حال ہی میں ایک فیصلہ جاری کیا ہے جس کے تحت گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے مختلف یونٹس پر ٹیرف میں رد و بدل کیا گیا، اس فیصلے کی روشنی میں ایک سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے نرخ 10.54 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، 101 سے 200 یونٹس پر 13 روپے اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 22.44 روپے فی یونٹ قیمت ہوگی، اسی طرح 201 سے زائد یونٹس پر نرخ 28.91 روپے سے 47.69 روپے فی یونٹ تک مقرر کیے گئے ہیں جن کی فی یونٹ قیمت استعمال کے لحاظ سے لاگو ہوگی۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں ملک کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے اس معاملے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ایک عام شہری کبھی میٹر کو گھورتا ہے، کبھی سورج کو اور کبھی اپنے بچوں کو مگر کہیں سے کوئی ریلیف نظر نہیں آتا، خدارا 200 یونٹس والی بدمعاشی کو ختم کریں کیوں کہ یہ ظلم ہے"۔ بتایا جارہا ہے کہ ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ اور اضافی نرخوں سے شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے، پاکستان میں بجلی کے نرخوں میں آئے دن ہونے والا یہ اضافہ صرف عام شہریوں ہی نہیں بلکہ شوبز شخصیات کے لیے بھی دردِ سر بنا ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس معاملے پر اس سے پہلے خالد انعم سمیت دیگر شوبز ستاروں کی جانب سے بھی ناراضگی کا اظہار کیا جاچکا ہے۔