وسطی پنجاب کے مشہور پھل پھٹ کی کاشت جولائی میں شروع کرکے ستمبر تک مکمل کی جاسکتی ہے،محکمہ زراعت

پیر 7 جولائی 2025 17:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) پاکستان با لخصوص وسطی پنجاب کے مشہور پھل پھٹ کی کاشت جولائی میں شروع کرکے ستمبر تک مکمل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت عامر صدیق کے مطابق مشہور پھل جسے پنجابی میں پھٹ، اردو اور ہندی میں پھوٹ،سنسکرت میں اورو،ایروارو، چتر پھلا،گجراتی زبان میں کوٹھی باہ، پتھوڑا،بنگالی زبان میں پھٹی،عربی زبان میں البر، فارسی میں خیار دشتی، سندھی میں پتھڑا، رہبھڑی اور انگریزی میں کو کمبر مور مو رڈ یکاکہتے ہیں کی اگیتی کاشت مارچ اپریل میں بھی کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ گرمی کا پھل ہے اورنسلاً یہ خربوزے سے ملتی جلتی،مزاجاً سرد تراورہاضمے کیلئے انتہائی مفید ہے جس کی بیل (پودا) خربوزے کی مانند ہوتا ہے اوراس کا سائز بھی عام طور پہ خربوزے جیسا ہی ہوتا ہے مگر زیادہ تر اس کی بناوٹ بیضوی ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کو کاٹ کر خربوزے کی طرح کھائیں تو بہت مزیدار ہوتی ہے جومہنگائی کے دورمیں بھی50سے60 روپیہ فی کلو تک مل جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بیج گردے کی پتھری کیلئے بہت اکسیر ہیں۔