مخصوص نشستوں پر بحال ہونیوالے اراکین اسمبلی کے وارے نیارے

13 مئی 2024ء سے لیکر عدالتی فیصلے کی تاریخ تک معطلی کے عرصے کی تنخواہیں بھی ملیں گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 7 جولائی 2025 15:28

مخصوص نشستوں پر بحال ہونیوالے اراکین اسمبلی کے وارے نیارے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی 2025ء ) سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے فیصلے کی روشنی میں مخصوص نشستوں پر بحال ہونے والے اسمبلیوں کے اراکین کے وارے نیارے ہوگئے جنہیں 13 مئی 2024ء سے لے کر عدالتی فیصلے کی تاریخ تک معطلی کے عرصے کی تنخواہیں بھی ملیں گی۔ ہم نیوز کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تمام مخصوص نشستوں پر بحال ہونے والے اراکین کو معطلی کے عرصے کی تنخواہیں ادا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اس سلسلے میں پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ 77 اراکین کو 13 مئی 2024ء کو معطل کیا گیا، معطلی کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد ان کی تنخواہیں روک لی گئی تھیں، قومی اسمبلی کے مجموعی طور پر 22 اراکین معطل ہوئے تھے، ان میں 19 خواتین 3 اقلیتی اراکین شامل تھے، 22 میں سے 19 کی بحالی کا نوٹیفکیشن ہوچکا ہے لیکن تین نشستوں کے نوٹی فکیشن کا اجراء ابھی باقی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے ان 19 اراکین کو 13 مئی 2024ء سے لے کر عدالتی فیصلے کی تاریخ تک بنیادی تنخواہیں ادا کی جائیں گی، ان اراکین کو ٹی اے ڈی اے اور دیگر الاؤنسز نہیں ملیں گے، اراکین کو 13 مئی سے 31 دسمبر 2024ء تک ڈیڑھ لاکھ فی رکن بنیادی تنخواہ دی جائے گی اور یکم جنوری 2025 سے عدالتی فیصلے تک بڑھی ہوئی تنخواہ کے تناسب سے بنیادی تنخواہ ملے گی جب کہ صوبائی اسمبلیوں کی 55 مخصوص نشستوں کے اراکین کو بھی بنیادی تنخواہ ان کی متعلقہ اسمبلیوں کے ایکٹ کے تحت ادا کی جائے گی۔

دوسری طرف خیبرپختونخواہ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا معاملہ ایک بار پھر شدت اختیار کرچکا ہے جہاں اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلی اجلاس بلوانے کے لیے قانونی ماہرین سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے کیوں کہ 21 جولائی کو سینیٹ انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور ان انتخابات سے قبل مخصوص نشستوں پر منتخب خواتین ارکان کی حلف برداری لازمی قرار دی جارہی ہے۔