Live Updates

سیلاب کو بھارتی آبی جارحیت نہیں کہہ سکتے. وزیر دفاع

بھارت نے پروٹوکول کے مطابق دوبار سیلاب کی پیشگی اطلاع دی‘بھارت ہمیشہ سے ہی سیلاب کی پیشگی اطلاع دیتا رہا ہے بعض اوقات عین سیلاب کے وقت وارننگ دیتا ہے ‘ہمارے ہاں آبی گزرگاہوں پر تجاوزات بہت زیادہ ہیں، چاہیں تو تجاوزات 3 دن میں ختم کر سکتے ہیں.خواجہ آصف کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 اگست 2025 14:57

سیلاب کو بھارتی آبی جارحیت نہیں کہہ سکتے. وزیر دفاع
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 اگست ۔2025 )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کو بھارتی آبی جارحیت نہیں کہہ سکتے بھارت نے پروٹوکول کے مطابق دوبار سیلاب کی پیشگی اطلاع دی نجی ٹی وی سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے سیلاب سے متعلق 2 بار اطلاع دی ہے بھارت ہمیشہ سے ہی سیلاب کی پیشگی اطلاع دیتا رہا ہے بھارت بعض اوقات عین سیلاب کے وقت وارننگ دیتا ہے.

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہا کہ سیلابی ریلوں سے متعلق بھارت کی شرارت کے کوئی ثبوت نہیں بھارت نے اس بار ڈیم سے پانی ریلیز کرنے کے بعد بھی بتایا ہم بھی ڈیم سے پانی ریلیز کرتے ہیں اگر نہ کریں تو آبادی کو خطرہ ہوتا ہے ان کا کہنا تھا کہ شہری آبادی میں 50 سال بعد اس طرح کی شدید بارش ہوئی ہے ہمارے ہاں آبی گزرگاہوں پر تجاوزات بہت زیادہ ہیں، سیالکوٹ کے وسط سے گزرنے والے نالے پر تجاوزات ہیں ان کے دونوں طرف فیکٹریاں ہیں، دریاﺅں اور نالوں کے کنارے پر تجاوزات نہیں ہونی چاہیے اگر چاہیں تو تجاوزات 3 دن میں ختم کر سکتے ہیں، شہری آبادی میں تجاوزات کے خاتمے کےلئے سروے شروع کر رہے ہیں.

وزیر دفاع نے کہا کہ سرکاری زمین پر پیشہ ور لوگ غیرقانونی تعمیرات کرتے ہیں سرکاری زمینوں کی لوٹ مار لگی ہوئی ہے ہر کوئی قبضہ کرلیتا ہے بارشوں کے بعد تجاوزات کےخلاف کارروائی کی جائے گی.                                                                                        
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات