Live Updates

بات معافی پر اٹکی ہوئی ہے‘ معافی کیلئے یہ لوگ تڑپ کیوں رہے ہیں؟ علیمہ خان

عمران خان سے خفیہ ملاقات کسی کی بھی نہیں ہوئی، اسٹیبلشمنٹ میں جرات نہیں کہ ان سے ملاقات کرے، اگر جرات ہوتی تو ولاگرز سے ملاقات کی خبریں نہ چلواتی؛ میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اگست 2025 14:44

بات معافی پر اٹکی ہوئی ہے‘ معافی کیلئے یہ لوگ تڑپ کیوں رہے ہیں؟ علیمہ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ معافی کے لیے یہ لوگ تڑپ کیوں رہے ہیں؟ عمران خان نے کہا ہے کس چیز کی معافی؟ میرے ساتھ ظلم ہوا ہے یہ مجھ سے معافی مانگیں۔ انسداد دہشت گری عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا خیال تھا عمران خان پر ظلم کریں گے ڈر کر ملک سے بھاگ جائے گا لیکن اب بات معافی پر اٹکی ہوئی ہے اور معافی کا مطلب ساڑھے 10 ہزار ایف آئی آرز ختم ہونی ہیں لیکن عمران خان ڈٹے ہوئے ہیں، ان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے کسی قسم کی عمران خان سے خفیہ ملاقات کسی کی بھی نہیں ہوئی، اسٹیبلشمنٹ عمران خان سے ڈرتی ہے اسٹیبلشمنٹ میں جرات نہیں ہے کہ جا کر عمران خان سے ملاقات کرے، اسٹیبلشمنٹ میں اگر جرات ہوتی تو ولاگرز سے ملاقات کی خبریں نہ چلواتی بلکہ عمران خان سے مل کر دکھاتی۔

(جاری ہے)

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ نورین نیازی کا بیٹا حسان نیازی دو سال سے جیل میں ہے، 10 سال کی سزا کس جرم میں دی ہے جرم تو پہلے سمجھائیں، اسی طرح آج شیر شاہ کو عدالت پیش کر کے کہا گیا ڈنڈا برآمد کر لیا ہے اب ماسک اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس برآمد کرنے ہیں لیکن جج نے جوڈیشل کر دیا ہے ہم اب شیر شاہ کی ضمانت کی درخواست دائر کریں گے یہ کیس خارج ہونا چاہیئے تھا، یہ ججز بے ضمیر ہیں اگر ان کا ضمیر زندہ ہوتا تو یہ اٹھ کھڑے ہوتے اور کہتے ہم ظلم نہیں کریں گے، ہم ایسے فیصلے نہیں دیں گے، ان کے فیصلوں کی وجہ سے کارکنان جو جیل کاٹ کر آ رہے ہیں وہ فخر سے مل کر بتاتے ہیں ہم نے عظیم مقصد کے لیے جیل کاٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو دن قبل اڈیالہ میں ہماری ملاقات شاید چیف جسٹس کے نوٹس کی وجہ سے ہوئی ہے، ملاقات میں بھی عمران خان نے معافی سے انکار کیا اور کہا میری ساری فیملی گرفتار کر لیں میں آپ کے سامنے پھر بھی سر نہیں جھکاؤں گا، ہم کوئی قربانی نہیں دے رہے ہم اپنا فرض ادا کر رہے ہیں، ہر پاکستانی کو ظلم کے خلاف کھڑے ہونا ہے، پولیس والے نے کہا انہوں نے گھروں میں ریڈ کیے ہیں اسی خوف سے 25 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات