ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے گھر والوں کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرنے والے ملزم کو عمر قید کی سزا سنادی

پیر 7 جولائی 2025 17:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی امیر الدین رانا نے گھر والوں کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے ملزم ذاکر احمد کو عمر قید کی سزا سنادی۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ سیکشن 392 میں 7 سال اور 50 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات شواہد کی روشنی میں ثابت ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے مطابق ڈکیتی کا واقعہ فروری 2022 میں رونما ہوا تھا۔ ڈاکس تھانے میں ملزم کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ 14 تولہ سونا، 4 موبائل فون 13 لاکھ 45 ہزار کیش، 22 لاکھ روپے کے چیکس لوٹے گئے تھے۔ ملزم نے گھر میں گھس کر خاتون اور 13 سالہ بچے کو اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کی تھی۔ ڈکیتی کا واقعہ محمد کالونی مکن ہوٹل مچھر کالونی میں پیش آیا تھا۔ شناخت پریڈ کے دوران گواہوں نے ملزم کو شناخت کرلیا تھا۔ 2 اپریل 2022 کو ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔ ملزم کیخلاف مقدمہ سیکشن 392،397 اور 34 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا تھا۔