یوم عاشورہ، چوہدری انوارالحق کا رات گئے مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری کا دورہ ،مجلس سنی

محرم الحرام ،مون سون کے دوران متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے، سوشل میڈیا مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 7 جولائی 2025 21:45

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے رات گئے اچانک شب عاشور کے موقع پر مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری کا دورہ کیا، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انور الحق نے مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری میں زائرین میں بیٹھ کر شب عاشور کی مجلس سنی، اس موقع پر وزرائے حکومت نثار انصر ابدالی اور سید بازل علی نقوی، سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی اور مئیر مظفرآباد سید سکندر گیلانی بھی موجود تھے، بعدازاں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ محرم الحرام اور مون سون کے دوران متعلقہ ادارے چوکس رہیں، سوشل میڈیا مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ادارے چوکس رہیں، کسی کو خطے کے امن کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، داخلی سلامتی کے تحفظ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، مسلکی ہم آہنگی کو فروغ دے کر بھائی چارے کی فضاء قائم کی جائے، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ریاستی ادارے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں، اس موقع پر مخدوم سید لیاقت حسین نقوی، مولانا فرید عباس نقوی، پروفیسر ڈاکٹر نثار ہمدانی، سید اقتدار حسین نقوی، سید منظر نقوی و دیگر بھی موجود تھے۔