صدر ایف پی سی سی آئی سے بزنس کمیونٹی کے قائدین کی ملاقات، ایک سال توسیع ملنے پر مبارکباد

وفد کا صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار، اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا توسیع ملنے پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، ملکر معاشی بہتری اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، عاطف اکرام شیخ

پیر 7 جولائی 2025 23:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے بزنس کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے فیڈریشن کے عہدیداران کی مدت میں ایک سال توسیع ملنے پر مبارکباد پیش کی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی بزنس کمیونٹی کی مرکزی قیادت نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی۔

وفد میں سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری ،سابق صدر فیڈریشن زبیر احمد ملک،خالد اقبال ملک، ایگزیکٹیو ممبر آئی سی سی آئی سردار طاہر ،اعجاز عباسی اور چوہدری مسعود شامل تھے۔ ملاقات میں بزنس کیمونٹی نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور دیگر عہدیداروں کو ایک سال کی توسیع ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ایف پی سی سی آئی پریذیڈنٹ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں قائدین نے صدر ایف پی سی سی آئی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بزنس قائدین نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلے صدر ایف پی سی سی آئی کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور انکی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ وفد نے کہا کہ توسیع سے ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ میں حالیہ ترمیم کے بعد پیدا ہونے والا ابہام دور ہو گیا، حکومتی فیصلے سے تاجروں کے مسائل حل کرنے اور پالیسیوں میں تسلسل کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کی توسیع ملنے پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، اپنی ذمہ داریاں اب مزید جانفشانی سے ادا کرنیکی کوشش کرینگے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اسی جذبے کیساتھ معاشی بہتری اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، حکومت اور اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مل کر ملک کو معاشی بلندیوں پر لیجانے کیلئے پرعزم ہیں۔