Live Updates

’’میں منٹو نہیں ہوں‘‘کیلئے سابق بہو، سسر اکٹھے جلوہ گر ہوں گے

سجل اور آصف رضا میر ڈرامے میں باپ بیٹی کے کردار میں نظر آئیں گے

منگل 8 جولائی 2025 10:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)’’میں منٹو نہیں ہوں‘‘ اے آر وائی ڈیجیٹل پر آنے والا بڑے بجٹ کا ڈرامہ ہے، جس کے ٹیزر نے پہلے ہی انٹرنیٹ پر دھوم مچارکھی ہے۔یہ بلاک بسٹر ڈرامے’’میرے پاس تم ہو‘‘کی تینوں اہم شخصیت ہمایوں سعید، ندیم بیگ اور خلیل الرحمان قمر کی واپسی کی نشاندہی کر رہا ہے۔اس ڈرامے میں ستاروں سے بھرپور کاسٹ شامل ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ سجل علی اور آصف رضا میر جو حقیقی زندگی میں سابقہ بہو اور سسر ہیں، وہ بھی ایک ساتھ اسکرین شیئر کررہے ہیں۔

یہی بات ان کے مداحوں کے درمیان بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے اور اب ہدایت کار ندیم بیگ نے بھی دونوں کو اکٹھے کاسٹ کرنے کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔ہدایت کار نے ملیحہ رحمان کے یوٹیوب شو میں شرکت کی اور اسی دوران میں منٹو نہیں ہوں کہ حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

ندیم بیگ نے انکشاف کیا کہ سجل کے والد کے کردار کے لیے ان کے ذہن میں آصف رضا میر تھے، انہوں نے آصف رضا میر کو کال کی اور انہیں کردار کے بارے میں بتایا، پوری بات سن کر اصف نے چند سیکنڈز کا توقف کیا اور رضامند ہوگئے۔

ندیم بیگ نے ان سے پوچھا کہ میں آپ کو سجل کے والد کے طور پر کاسٹ کرنا چاہ رہا ہوں آپ کو اس سے مسئلہ تو نہیں جس پر اداکار نے جواب دیا کہ بالکل بھی نہیں، میں ایک پروفیشنل اداکار ہوں، مجھے صرف کردار کرنا ہے، آپ سجل سے پوچھ لیں اسے تو مسئلہ نہیں۔ندیم بیگ نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر میں نے سجل کو کال کی اور اس سے پوچھا کہ میں آصف رضا میر کو تمہارے والد کے کردار میں کاسٹ کرنا چاہتا ہوں، جس پر اس نے کہا کہ اگر وہ کردار کے لیے مناسب لگتے ہیں تو ندیم بھائی بالکل کریں انہیں کاسٹ مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ندیم بیگ نے یہ بھی بتایا کہ ڈرامے میں باپ بیٹی کے متعدد مناظر موجود ہیں جس میں وہ دونوں ایک ساتھ اسکرین اسپیس شیئر کرتے نظر آئیں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :