وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اجلاس،ولیج کونسلز میں صفائی ستھرائی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

منگل 8 جولائی 2025 16:10

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا   کی زیر صدارت اجلاس،ولیج کونسلز  میں صفائی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں صوبے کی ویلج کونسلز میں صفائی ستھرائی کے لئے خصوصی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ، چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز اور محکمہ بلدیات کے حکام نے شرکت کی۔

سی ایم ہائوس پشاور سے جاری بیان کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبے کی 2061 دیہی یونین کونسلز میں صفائی پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروگرام پر عملدرآمد کے لئے ابتدائی طور پر ساڑھے پانچ ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، پروگرام کے تحت ہر یونین کونسل کے لئے چار افراد پر مشتمل صفائی عملہ بھرتی کیا جائے گا، یہ عملہ یومیہ اجرت کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یومیہ اُجرت پر عملے کی بھرتی کے لئے ایک صاف اور شفاف طریقہ کار وضع کیا جائے گا، یہ عملہ یونین کونسل کی سطح پر گھر گھر جا کر کوڑا کرکٹ اٹھاکر ٹی ایم اے کے کلیکشن پوائنٹ تک پہنچانے کا کام کرے گا۔ ابتدائی طور پر ہر یونین کونسل میں کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے اور صفائی کے لئے ایک لوڈر گاڑی اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے گا، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، تحصیل میونسپل آفیسر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔

پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور کمیٹی کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا، اس پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ کا مؤثر نظام وضع کیا جائے گا، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں باقاعدہ منظوری کے فوری بعد پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں صوبے کی پہاڑی علاقوں کی یونین کونسلز میں یہ پروگرام شروع کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ پروگرام موجودہ صوبائی حکومت کا ایک سگنیچر پروگرام ہے، صوبے تاریخ میں پہلی دفعہ ہم دیہاتی علاقوں میں سینی ٹیشن سروسز کا آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ 14 اگست تک پروگرام کا باضابطہ اجرا کریں، اس سے نہ صرف دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی یقینی ہوگی بلکہ ہزاروں لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق عملدرآمد کے لئے ضروری اقدامات ،صفائی عملے کی بھرتی میں مروجہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد اور پروگرام کو دیر پا بنیادوں پر چلانے کے لئے لائحہ عمل بنایا جائے۔