بھمالہ میں آبپاشی نہروں، سول واٹر چینلز اور آبی گذر گاہوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن

منگل 8 جولائی 2025 18:00

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) حکومتی ہدایات کے مطابق آبپاشی نہروں، سول واٹر چینلز اور تمام آبی گذر گاہوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہا۔ ضلعی انتظامیہ ہری پور کی زیر نگرانی محکمہ مال، ایری گیشن اور پولیس کے تعاون سے بھمالہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران پختہ تجاوزات کو گراتے ہوئے بھمالہ کے کنارے واپڈا اراضی پر بنے ایریا کو واگزار کروایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر خان پور ڈاکٹر تزئین ظفر نے دریائے ہرو کے ارد گرد تجاوزات کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے دوران کاروائی قانونی طور پر پانی کے راستوں کو واہگزار کرا لیا گیا۔ اس دوران موقع پر ریونیو سٹاف، واپڈا اہلکاران اور محکمہ ایریگیشن کے سٹاف، پولیس اور دیگر عہدیداران بھی موقع پر موجود رہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے خان پور ڈیم سپل وے سے نکلنے والی ڈائون سٹریم میں خاکہ ڈمپ کئے جانے کی اطلاع موصول ہوتے ہی محکمہ ایریگیشن اور ریوینیو سٹاف کے ہمراہ موقع کا دورہ کیا اور متعلقان کو فوری طور پر دفتر طلب کیا جس میں محکمہ ایریگیشن کو مزید کارروائی کیلئے ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے خان پور ڈیم اور آبی گذرگاہوں پر ڈپٹی کمشنر ہری پور کی جانب سے نہانے پر لگائی گئی پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد کو گرفتار کر کے حوالہ پولیس کیا۔