حقوق العبادکامعاملہ نازک،کسی کا ناحق قتل گناہ ہے، علامہ الیاس قادری

کسی شخص کو راز کی بات نہ بتائی جائے،گناہ کا اظہاربھی گناہ ہے، مدنی مذاکرے میں گفتگو

منگل 8 جولائی 2025 20:55

حقوق العبادکامعاملہ نازک،کسی کا ناحق قتل گناہ ہے، علامہ الیاس قادری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء) امیر اہلِ سنت علامہ محمدالیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ حقوق العباد کے مسائل بہت نازک ہیں اور ان سے بچنے کی سخت ضرورت ہے، ہڑتال،فساد اور ہنگامہ آرائی میں مار دھاڑ، پتھراؤ، گولیاں چلانا اور قتل جیسے بڑے گناہ شامل ہو جاتے ہیں۔ اگر دنیاوی قانون سے بچ بھی گئے، تب بھی قیامت کے دن مجرم کی حیثیت سے پیش ہونا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکزفیضان مدینہ کراچی میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہلِ سنت نے کہا کہ کسی کو ناحق قتل کرنا گناہ ہے جس میں تین حقوق شامل ہوتے ہیں ایک اللہ تعالیٰ کا حق، دوسرامقتول کا حق اور تیسرا مقتول کے ورثاء کا حق، اللہ کا حق سچی توبہ سے معاف ہوسکتا ہے، لیکن مقتول چونکہ زندہ نہیں ہوتا اس لئے وہ معاف نہیں کرسکتا جبکہ ورثاء اگر چاہیں تو معاف کرسکتے ہیں ورنہ قصاص لیا جائے گا وہ بھی قانون کے ذریعے، ذاتی طور پر نہیں، یاد رکھیں خود بدلہ لینے سے افراتفری، فساد اور قتل و غارت گری پھیلتی ہے۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ کسی نااہل شخص کو اپنے راز کی بات ہرگز نہ بتائی جائے، اگر کسی کو اپنا راز بتانے کی نوبت آجائے تو پہلے اچھی طرح سوچنا چاہئے، نادان لوگ تو اپنے عیوب بھی دوسروں کے سامنے ظاہر کردیتے ہیں جو غلط ہے،اسی طرح کسی کے سامنے اپنے گناہوں کا اظہار بھی نہیں کرنا چاہئے کیونکہ گناہ کا اظہار بھی خود ایک گناہ ہے۔امیرِ اہلِ سنت نے کہا کہ حج مبرور کی نشانی یہ ہے کہ حاجی نیکیوں میں مزید اضافہ کرے، گناہوں سے مکمل کنارہ کش ہو، سنتوں پر عمل میں ترقی کرے، اور ایک بہتر مسلمان بن کر گھر لوٹے۔

متعلقہ عنوان :