وزیر اعلیٰ صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے پائیدار منصوبہ بندی کی خواہاں ہیں، بلال یاسین

منگل 8 جولائی 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) پنجاب کے 15 اضلاع میں 944 نئے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے پہلے مرحلے کی تیاری کے حوالے سے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس ہوا۔ سی ای او صاف پانی اتھارٹی زاہد عزیز، ڈی جی او اینڈ ایم زوہیب بٹ نے اہداف کی تکمیل بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نئے پراجیکٹس بارے تجاویز دی گئیں،جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن کے چار شہروں میں صاف پانی کی بوتلوں کے ذریعے فراہمی کیلئے پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا،2 چھوٹے اور ایک بڑے پیمانے پر سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کو بھی پی سی ون میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پوٹھوہار ریجن میں ڈیم کے پانی کی ٹریٹمنٹ سے صاف پانی کی فراہمی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پنجاب کے باسیوں کیلئے صاف پانی کے تاریخی منصوبے مرتب کیے جا رہے ہیں۔ وزیر ہاؤسنگ نے دہائیوں سے پنپتے مسائل پر قابو پانے کیلئے پی سی ون جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے پائیدار منصوبہ بندی کی خواہاں ہیں، سالانہ بنیادوں پر پانی کی فراہمی کے نئے پراجیکٹس پر کام کیا جائے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان باجوہ اور چیئرمین صاف پانی اتھارٹی چوہدری زاہد اکرم بھی اجلاس میں شریک تھے۔