Live Updates

۴ایف بی آر کی شارٹ فال کے باعث خیبرپختونخوا کو 100 ارب روپے کا نقصان ہوگا مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

ع*محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے KP-SPEED کے تعاون سے پوسٹ بجٹ کانفرنس کا انعقاد کیا

منگل 8 جولائی 2025 21:35

xپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء)مشیر خزانہ مزمل اسلم نے خیبرپختونخوا پوسٹ بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے ایک ہزار دو سو ارب روپے کے کم محصولات جمع کیے ہیں جس کی وجہ سے خیبرپختونخوا کو سو ارب روپے کم ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے پچھلے سال ڈیبٹ منیجمنٹ فنڈ میں 150 ارب منتقل کیے ہیں جس سے 17 ارب روپے کا سالانہ ریونیو حاصل کیا جائے گا جو صوبے میں خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی(کیپرا) کے بعد کسی بھی محکمے کے بعد سب سے زیادہ ریونیو ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے خیبرپختونخوا حکومت اور کے پی سپیڈ کے تعاون سے گزشتہ روز منعقدہ پوسٹ بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس کا مقصد حال ہی میں پیش کیے گئے صوبائی بجٹ کے بارے میں تفہیم اور تبادلہ خیال کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا ۔ جو شفافیت، احتساب اور عوامی فہم کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔

کانفرنس میں سیکرٹری فنانس عامر سلطان ترین، سپیشل سیکرٹری بجٹ محمد آصف، سپیشل سیکرٹری ریگولیشن عابد اللہ کاکاخیل سمیت مختلف محکموں کے سیکرٹری صاحبان ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز، بجٹ افیسرز اور ماہرین معاشیات نے شرکت کی۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو ریونیو بڑھانے اور سخت مانیٹرنگ اور ایویلیویشن پر کام کرنا چاہیے تاکہ صوبے کی بہتری ہوسکے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ صوبے کے تقریباً سات لاکھ ملازمین کی ڈیوٹی ہے کہ ساڑھے چار کروڑ آبادی کو ریلیف فوری طور پر پہنچائیں اور اپنے منصب کے ساتھ انصاف کریں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے بجٹ وسائل کو نچلی سطح کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مالیاتی منصوبہ بندی کو عوام کی زندگیوں میں حقیقی اور ٹھوس بہتری میں بدلا جائے گا۔

تقریب کا آغاز سیکرٹری خزانہ کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جس میں انہوں نے صوبے کی ذمہ دار مالی نظم و نسق، مالیاتی اصلاحات، اور شہری مرکزیت پر مبنی خدمات کی فراہمی کے عزم کو اجاگر کیا۔خصوصی سیکرٹری خزانہ نے بجٹ کی نمایاں خصوصیات پیش کیں، جن میں آمدنی کے تخمینے، اخراجات کی ترجیحات، شعبہ جاتی تقسیم، مالیاتی نظم و ضبط، اور اصلاحاتی اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا جو 2025-26 کے بجٹ کا حصہ ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مشیرِ خزانہ خیبرپختونخوا نے شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں تاکہ ان کی شمولیت اور قیمتی خدمات کا اعتراف کیا جا سکے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات