متحدہ عرب امارات کے گولڈن ویزہ سے متعلق افواہیں بے بنیاد قرار

جھوٹی معلومات پھیلانے اور عوام کی اُمیدوں کا ناجائز فائدہ اُٹھا کر رقم بٹورنے والے افراد یا اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی؛ وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 جولائی 2025 12:10

متحدہ عرب امارات کے گولڈن ویزہ سے متعلق افواہیں بے بنیاد قرار
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2025ء ) متحدہ عرب امارات کے گولڈن ویزہ سے متعلق افواہیں بے بنیاد قرار دے دی گئیں۔ سرکاری اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (ICP) نے ان خبروں کو سراسر بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات بعض مخصوص قومیتوں کو تاحیات گولڈن ویزہ جاری کر رہا ہے۔

اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ گولڈن ویزہ سے متعلق زمروں، شرائط اور ضوابط کی تفصیل باقاعدہ قوانین، قانون سازی اور وزارتی فیصلوں کی روشنی میں طے کی گئی ہے، ان سے متعلق مستند معلومات صرف اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپلیکیشن پر دستیاب ہیں، گولڈن ویزہ کی تمام درخواستیں صرف اور صرف متحدہ عرب امارات کے اندر موجود سرکاری سرکاری چینلز کے ذریعے ہی قبول کی جاتی ہیں اور نہ ہی کوئی اندرونی یا بیرونی مشاورتی ادارہ اس عمل میں مجاز حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اتھارٹی نے ان رپورٹس پر بھی تشویش کا اظہار کیا جو ایک غیر ملکی کنسلٹنسی آفس کی جانب سے شائع کی گئیں، جن میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ بیرونِ ملک سے کسی بھی زمرے کے افراد کو آسان شرائط کے تحت تاحیات گولڈن ویزہ دلوانا ممکن ہے، اتھارٹی نے ان خبروں کو قانونی جواز سے محروم، گمراہ کن اور متعلقہ حکام سے کسی بھی مشاورت کے بغیر جاری کردہ قرار دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اتھارٹی شفافیت، سلامتی اور سہولت پر مبنی خدمات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور گولڈن ویزہ سے متعلق تمام خدمات صرف سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ہی فراہم کی جاتی ہیں، جھوٹی معلومات پھیلانے اور عوام کی اُمیدوں کا ناجائز فائدہ اُٹھا کر رقم بٹورنے والے افراد یا اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

عوام کو پرزور تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں رہائش یا سرمایہ کاری سے متعلق کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی کسی غیر مجاز ادارے کو فیس یا ذاتی دستاویزات فراہم کریں، تمام خواہش مند افراد کسی بھی قدم سے قبل اتھارٹی کی ویب سائٹ یا 24 گھنٹے فعال کال سینٹر (600522222) سے رجوع کریں تاکہ معلومات کی درستگی یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :