Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کا سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

سینیٹ نشست پر نامزد امیدوار سلمیٰ اعجاز نے الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے؛ ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم

Sajid Ali ساجد علی اتوار 31 اگست 2025 20:43

پاکستان تحریک انصاف کا سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کا سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اعجاز چوہدری کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ تحریک انصاف سینیٹ میں اعجاز چوہدری کی خالی نشست پر الیکشن میں حصہ نہیں لے گی، پنجاب سے امیدوار سلمیٰ اعجاز نے سیٹ پر الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے، پاکستان تحریک انصاف ضمنی انتخابات کا عمل تسلیم نہیں کرے گی۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ وہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کسی صورت حصہ نہیں لے گی اور اس انتخابی عمل کا مکمل بائیکاٹ کرے گی، پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور پیٹرن اِنچیف عمران خان کی ہدایت پر سیاسی کمیٹی پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے کہ تحریک انصاف ان ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی۔

(جاری ہے)

پارٹی اعلامیہ میں کہا گیا کہ بعض افراد کی جانب سے پی ٹی آئی کے نام پرکاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی اطلاعات ملی ہیں، جس پر پارٹی نے واضح کیا ہے کہ ایسے افراد سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں ہوگا کیوں کہ تمام کارکنان اور ذمہ داران کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی نے نامزدگی کے کاغذات جمع کرائے ہیں تو وہ فوری طور پر واپس لے اور پارٹی فیصلے کی مکمل پابندی کرے کیوں کہ پارٹی اپنی سیاسی اور عوامی جدوجہد پر یکسو ہے اور کسی بھی صورت ضمنی انتخابات کا حصہ نہیں بنے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات