Live Updates

آئندہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے آبی ذخائر بنانے کا جائزہ لینے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب میں گھرے نومولود بچے کو بحفاظت نکالنے پر ڈی ایس پی نعمان کو انعام دیا، ریسکیو ٹیم کیلئے 10 لاکھ انعام کا اعلان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 31 اگست 2025 19:31

آئندہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے آبی ذخائر بنانے کا جائزہ لینے کا حکم
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اگست 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئندہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے آبی ذخائر بنانے کا جائزہ لینے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرحدی علاقے تلوار پوسٹ اور شیخ پورہ نو کے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، انہوں نے علاقہ گٹی کلنجر سے کشتی پر تلوار پوسٹ آنے والے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب میں گھرے نومولود بچے کو بحفاظت نکالنے پر ڈی ایس پی نعمان کو انعام دیا، اس کے علاوہ مریم نواز نے ریسکیو ٹیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے تلوارپوسٹ پرلائیو سٹاک، ہیلتھ، ریسکیو، پولیس اور دیگر کیمپ کا جائزہ لیا، اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئندہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے آبی ذخائر بنانے کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا، اپنے دورے میں انہوں نے قصور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ بھی کیا جہاں وزیراعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرین سے بات چیت کی اور ان سے مسائل کے بارے میں پوچھا، اس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے عارضی ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو فلڈریلیف کیمپ کے بارے میں بریفننگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وائلڈ لائف اور فاریسٹ فورس بھی سیلاب زدگان کی مدد کے لئے میدان عمل میں پیش پیش ہے، شرقپورمیں فاریسٹ کی ٹیم سیلاب متاثرہ علاقے فیض پور کلاں پہنچی ، فاریسٹ فورس نے سیلاب میں گھرے متاثرین کو کشتی کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا، فاریسٹ فورس اہلکارو ں نے سیلاب متاثرین کا ضروری سازو سامان بھی محفوظ مقامات پر پہنچا یا، اس کے علاوہ نارووال کے علاقے بدوملہی میں وائلڈ لائف فورس بھی سرگرم عمل ہے ، افسر اور اہلکار سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ گئے، فاریسٹ ڈویژن کے افسر او راہلکار صوبہ بھر میں سیلاب زدگان کی مددکے لئے دور دراز علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب ریسکیو آپریشن کی ورچوئل مانیٹرنگ کر رہی ہیں ۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات