ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز بند کردیئے گئے، ملازمین کیلئے 28 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان

ملازمین یونین اور حکومت کے معاملات طے پا گئے، ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، ملازمین کو ان کی سروس کے حساب سے اچھے پیکجز ملیں گے؛ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 31 اگست 2025 18:10

ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز بند کردیئے گئے، ملازمین کیلئے 28 ارب روپے کے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اگست 2025ء ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے اس کے آپریشنز کو بند کردیا گیا، یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کی یونین اور حکومت کے درمیان تمام معاملات طے پا گئے ہیں۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو بڑھتے ہوئے خسارے کی وجہ سے بند کیا گیا ہے، یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کو ازالے کے لیے مختلف پیکجز دیئے جائیں گے، مستقل اور عارضی ملازمین کو ان کی سروس کے حساب سے اچھے پیکجز دیئے جائیں گے، اس حوالے سے یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کی یونین اور حکومت کے درمیان تمام معاملات طے پا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے بتایا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین کو مجموعی طور پر28.2 ارب روپے سے زائد کا پیکج دیا جارہا ہے، یہ پیکج وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خزانہ نے منظور کرلیا ہے اور ملازمین کو یہ پیکج آئندہ ماہ سے ملنا شروع ہوجائےگا، یوٹیلٹی سٹورز کے کنٹریکٹ ملازمین کو بھی پیکج دیا جارہا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر آج سے ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز کے آپریشن کو بند کیا جارہا ہے، ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز کے اثاثوں کو نیلام کیا جائے گا، یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کی تعداد 11 ہزار 614 ہے، ان یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کیلئے متفقہ طور پر 28.2 ارب روپے کا پیکج تیار کیا گیا ہے۔