شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے : باسط علی

کیا شاہین شاہ پاکستانی نہیں؟، کیا اس نے اپنی ٹیم کو پی ایس ایل چیمپئن نہیں بنوایا؟، کیا ٹورنامنٹ میں خود پرفارمنس نہیں دی؟ : سابق کرکٹر کے سوالات

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 جولائی 2025 13:13

شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے : باسط علی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جولائی 2025ء) بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کیلیے قومی ٹیم میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو شامل نہ کرنے پر باسط علی بول پڑے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر اور موجودہ تجزیہ کار باسط علی نے دورہ بنگلہ دیش کے لیے اعلان کردہ قومی ٹی 20 اسکواڈ کا پوسٹ مارٹم کر دیا اور شاہین شاہ آفریدی کو اسکواڈ کا حصہ نہ بنانے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

باسط علی نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو شامل نہیں کیا بلکہ سلمان مرزا کو اسکواڈ کا حصہ بنایا۔ 
کیا شاہین شاہ پاکستانی نہیں؟، کیا اس نے اپنی ٹیم کو پی ایس ایل چیمپئن نہیں بنوایا؟، کیا ٹورنامنٹ میں خود پرفارمنس نہیں دی؟، تو پھر کیوں اس کو قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا اور کیوں اس کے ساتھ مسلسل زیادتی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سابق کرکٹر نے کہا کہ مان لیا کہ بابر اور رضوان کے ساتھ ٹی 20 میں اسٹرائیک ریٹ کا مسئلہ ہے، لیکن شاہین شاہ کے ساتھ کیا مسئلہ ہے۔ 
کہا جاتا کہ رویے کا مسئلہ ہے اور جو یہ بات بولتا ہے اس کا مجھے معلوم ہے۔ کیونکہ جو بول رہے ہیں وہ سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں نہیں چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ماضی میں رویے کا جواز بنا کر احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم سے باہر کیا گیا اب وہی رویہ شاہین شاہ کے ساتھ رکھا جا رہا ہے، میں کوچ اور کپتان کو مشورہ دوں گا کہ ایسا نہ کرو۔

باسط علی نے کہا کہ ہمارے کرکٹ کے اداروں میں اتنے بڑے بڑے پروفیسرز آ گئے ہیں۔ ان کے فیصلوں پر تو ہم صرف سر پکڑتے ہیں کہ یہ کر کیا رہے ہیں۔ بنگلہ دیش ٹور کے لیے صرف دو فاسٹ بولرز شامل کیے گئے ہیں جب کہ آدھا تیتر اور آدھا بٹیر کے مترادف آل رائونڈرز پر زیادہ انحصار کیا گیا ہے۔ اللہ کرے ٹیم وہاں سے جیت کر آئیں، لیکن اگر انہوں نے تیز وکٹ بنا دی تو پھر پاکستان ٹیم کیا کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے بڑا کوئی نہیں، ویسٹ انڈیز کے ٹور کے بعد سب کے کھاتے کھل جائیں گے۔
باسط علی نے دورہ بنگلہ دیش کے لیے دیگر کچھ کھلاڑیوں کی سلیکشن اور کچھ کو باہر کرنے پر بھی سوالات اٹھائے۔
واضح رہے کہ آج بنگلہ دیش کیخلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ اسکواڈ میں سابق کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، نسیم شاہ، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔