امی، ابو اور گھر والوں سے بہت اچھا تعلق ہے اگر میں ان سے ملنے مہینوں گھر نہیں جاتی تو امی سے رابطہ رہتا ہے، ماڈل حمیرا اصغر کا کچھ سال قبل دیا گیا انٹرویو وائرل

میں ہمیشہ بڑوں کو اپنے ساتھ لے کر چلی ہوں ، لاہور سست شہر کراچی میں زندگی تیز مواقع زیادہ ہیں، انٹرویو میں حمیرا اصغر نے والدین سے تعلقات سمیت شوبز انڈسٹری کی منافقت اور معاشرے میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال پر بھی کھل کر بات کی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 9 جولائی 2025 14:02

امی، ابو اور گھر والوں سے بہت اچھا تعلق ہے اگر میں ان سے ملنے مہینوں ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09جولائی 2025)کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ وماڈل حمیرا اصغرکا کچھ سال قبل دیا گیا انٹرویووائرل،انٹرویو میں اداکارہ نے اپنے گھر والوں سے متعلق تفصیلات شیئر کیں، حمیرا اصغرنے اپنی زندگی میں انڈیپینڈنٹ اردو کو دسمبر 2022 میں ایک خصوصی انٹرویو دیا تھا جو اب سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔

احمد علی بٹ کو جولائی 2024 میں دئیے گئے انٹرویو میں حمیرا اصغر نے والدین سے تعلقات سمیت شوبز انڈسٹری کی منافقت اور معاشرے میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال پر بھی کھل کر بات کی۔حمیرا اصغر کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے ہے ان کے دو بھائی اور دو بہنیں ہیں وہ سب سے چھوٹی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کا تعلق قصور جب کہ والد کشمیری ہیں اور دونوں پاک فوج میں تھے جہاں دونوں کو آپس میں محبت ہوئی تو شادی کرلی۔

(جاری ہے)

دوران انٹرویو مرحومہ نے اپنے گھر والوں سے متعلق تفصیلات شیئر کیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ اپنے بڑوں کو اپنے ساتھ لے کر چلی ہوں۔ میرا میری امی ابو اور گھر والوں سے بہت اچھا تعلق ہے اگر میں ان سے ملنے مہینوں گھر نہیں جاتی تو میری امی سے میرا رابطہ رہتا ہے۔حمیرا اصغر کے مطابق والدین نے تعلیم حاصل کرنے کیلئے ان کی مدد کی انہوں نے ایم فل تک تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ کیریئر بنانے کیلئے لاہور سے کراچی منتقل ہوئیں۔

حمیرا نے انٹرویو کے دوران یہ بھی بتایا تھاکہ میری امی کو سب پتا ہوتا ہے میں کون سا ڈرامہ کررہی ہوں اور کس پروجیکٹ میں مصروف ہوں یا کہاں سفر کررہی ہوں۔ فیملی کی سپورٹ بہت ضروری ہوتی ہے۔کیرئیر کی شروعات میں والدہ نے ٹوکہ اور کہا کہ ابو ناراض ہوں گے کہ گھر میں سب ڈاکٹرز ہیں تو تم کیوں آرٹ کی طرف جارہی ہو لیکن بعد میں جب انہوں نے دیکھا کہ بیٹی میں ٹیلنٹ ہے تو کچھ نہیں کہا۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ لاہور سست شہر ہے کراچی میں زندگی تیز اور مواقع زیادہ ہیں اسی لئے وہ لاہور سے کراچی منتقل ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے آغاز میں مسئلہ ہوا لیکن بعد میں سب چیزیں میری منشا کے مطابق ہی ہوئیں۔دوران انٹرویو حمیراصغر نے یہ بھی کہا تھا کہ انہوں نے بہت سارے خواب دیکھ رکھے ہیں اور اگر وہ خواب پورے نہ ہوئے تو وہ خود کو معاف نہیں کر پائیں گی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی ذات کے حوالے سے سخت مزاج رکھتی ہیں وہ خود کو معاف نہیں کرپاتیں۔ایک اورسوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں بہت منافقت ہے اور انہیں انڈسٹری کی منافقت سے نفرت ہے۔حمیرا اصغر کے مطابق جہاں شوبز انڈسٹری میں حد سے زیادہ منافقت ہے۔ ایک ہی شخص کے متعدد چہرے ہیں۔ وہیں بعض افراد ایسے بھی ہیں جن کی شخصیت بالکل صاف اور واضح ہے۔

حمیرا اصغر کایہ بھی کہنا تھا کہ وہ منشیات کا استعمال کبھی نہیں کریں گی۔ اداکارہ نے کہا تھا کہ ہمارے معاشرے میں سکول، کالجز اور یونیورسٹیز سے لے کر عام پارٹیوں میں منشیات کا استعمال بہت زیادہ ہو چکا ہے۔ کم عمر افراد سمیت ہر کوئی منشیات استعمال کرتا دکھائی دیتا ہے۔انٹرویو کے دوران حمیرا اصغر نے عزم کا اظہار کیا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے وہ کبھی بھی منشیات استعمال نہیں کریں گی۔