ٹینس بالز میں منشیات چھپا کر بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام

اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں ایک کروڑ86لاکھ روپے کی منشیات پکڑی گئی ‘ترجمان

بدھ 9 جولائی 2025 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لیں۔ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 4الگ الگ کارروائیوں میں 240.915کلو گرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت ایک کروڑ 86لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے، جب کہ 3ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پہلی کارروائی گلبرگ لاہور میں واقع ایک کوریئر آفس پر کی گئی، جہاں پرتگال بھیجے جانے والے ایک پارسل میں موجود ٹینس بالز کے اندر 365گرام آئس چھپائی گئی تھی، جسے برآمد کر لیا گیا۔دوسری کارروائی داتا دربار لاہور کے قریب کی گئی، جہاں ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 2کلو گرام آئس اور 150گرام ویڈ برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

اس کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

تیسری کارروائی وزیرآباد روڈ پر سمبڑیال کے قریب کی گئی، جہاں ایک ملزم کے قبضے سے 3.6کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔چوتھی اور سب سے بڑی کارروائی بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے غیر آباد علاقے میر جٹ میں عمل میں آئی، جہاں سمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 234.8کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش کا عمل جاری ہے، جس کے دوران مزید انکشافات متوقع ہیں۔ فورس کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف ملک گیر مہم بلاامتیاز جاری رہے گی۔