الحمرا ء میں کربلا کے لازوال پیغام کی تعظیم میں روح پرور محفل مسالمہ کا انعقاد

شعراء کرام نے اپنے کلام کے ذریعے امام حسین ؑ اور اہل بیت ؑکی لازوال میراث کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا

بدھ 9 جولائی 2025 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں کربلا کے لازوال پیغام کی تعظیم میں روح پرور محفل مسالمہ کا انعقاد ہوا۔شعراء کرام نے اپنے کلام کے ذریعے امام حسین ؑ اور اہل بیت ؑکی لازوال میراث کو زبردست خراج عقیدت پیش کی گیا۔محرم کے مقدس مہینہ جو قربانی اور استقامت کا درس لے کر آتا ہے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ کربلا نہ صرف ایک تاریخی واقعہ، بلکہ مزاحمت، سچائی اور صداقت کے لیے اٹل محبت کی ایک زندہ مثال ہے۔

محفل مسالمہ میں نامور شعراء ڈاکٹر صغرا صدف، علی قائم نقوی، سیدہ صائمہ آفتاب، شبیر حسن، رخشندہ نوید، شہزاد نیئر، صوفیہ بیدار، علی زریون، اور قمر رضا شہزاد سمیت معزز شعراء نے دلی عقیدت سے لبریز اشعار سے شام کے مناظر کو سمیٹا۔

(جاری ہے)

ان کی روح پرور شاعری نے ہر دل کو چھو لیا اور سامعین میں غور و فکر، ایمان اور اتحادتازہ کیا۔ شاعروں کے کلام میں صرف شاعری نہیں تھی، وہ کربلا کے درد، سیدہ زینب ؑکی طاقت اور امام حسین ؑکی غیر متزلزل سچائی کا بے مثال بیان تھا۔

چیئرمین الحمرا رضی احمد نے اپنے تاثرات میں کہاکہ ’’اہل بیت ؑنے دنیا کو سب سے بڑا سبق دیا کہ حق کے لیے کھڑا ہونا قربانی کا تقاضا کرتا ہے، ان کی میراث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ حق کا دفاع کرنے میں کوئی قیمت زیادہ نہیں ہوتی۔''ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا سید توقیر حیدر کاظمی نے مزید کہاکہ ’’اہل بیت ؑ وہ ابدی چراغ ہیں جو ہر دور کے اندھیروں کو منور کرتے ہیں، ان سے محبت کرنا صرف ایک جذبہ نہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان کا جوہر، ہمارے دلوں کا نور اور امن کا راستہ ہے۔''محفل مسالمہ کی نظامت خالد ندیم خانی نے نہایت خوبصورت انداز میں کی۔