موجودہ حکومت صدرزرداری کے سیاسی ویژن کی وجہ سے چل رہی ہے‘ گورنرپنجاب
بدھ 16 جولائی 2025 23:17
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صدر مملکت آصف علی زرداری کے سیاسی ویژن کی وجہ سے چل رہی ہے،بلاول بھٹو کی بدولت پاکستان کو سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ، اپنے ورکرز کا دفاع نہ کرسکا تو گورنر شپ چھوڑ دوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں پارٹی وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عزیز الرحمن چن کے علاوہ عاقب سرور، ملک کامران مجید،سلمان بہادر ایڈووکیٹ، ملک مبشر اعوان اور دیگر بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس جو لیڈر شپ ہے وہ کسی اور سیاسی جماعت کے پاس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پائے کا کوئی لیڈر ملکی تاریخ میں پیدا نہیں ہوا۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ جب بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں تو پوری دنیا نے اس بات کو تسلیم کیا کہ پاکستان کی سیاست میں لیڈر شپ کا ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری مفاہمت اور قومی یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور ان کے سیاسی ویژن کی وجہ سے موجودہ حکومت چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنی سیاسی بصیرت سے پوری دنیا میں ثابت کیا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ اور شہید بینظیر بھٹو کابیٹا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک دلیر سیاستدان ہیں جنہوںنے مودی کو للکارا اور گجرات کا قصائی کہا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے انٹرنیشنل میڈیا کے سامنے جو اپنا موقف رکھا اس میں پاکستان کو سفارتی کامیابی حاصل ہوئی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پہلے پوری دنیا میں انڈیا کی بات سنی جاتی تھی لیکن پہلی دفعہ دنیا نے نہ صرف پاکستان کی بات سنی بلکہ پاکستانی موقف کی حمایت بھی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں اپنے ورکرز کا دفاع نہ کرسکا تو گورنر کا عہدہ چھوڑ دونگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے ورکرز کو بہت عزت اور احترام دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن جب بھی ہوں گے تو بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور ملک کو چیلنجز سے نکالیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے پارٹی ورکرز سمیت سب کے لئے کھلے ہیں۔ بعد ازاں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مقامی ہوٹل لاہور میں 24ویں انٹرنیشنل فورم عرب ٹورزم اینڈ عمرہ پاکستان علما کونسل کے تحت منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مذہبی سیاحت کی نمائش کا افتتاح کیا۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل طاہر اشرفی بھی موجود تھے۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے کہا کہ قیام امن میں علمائے کرام کاکردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاست کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم پر امن اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس کانفرنس میں بین الاقوامی کمپنیز حصہ لے رہی جس سے پاکستان کا سافٹ امیج جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ لاکھوں کی تعداد میں پاکستان کے زائرین شام عراق اور مکہ مدینہ جاتے ہیں۔ جیسے پاکستان سے دوسرے اسلامی ممالک میں زائرین جاتے ہیں امید ہے دوسرے اسلامی ممالک کے لوگ بھی پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس سے مذہبی ٹورازم کی ترقی کے لیے جو کچھ ہوا ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے یہاں لوگ آسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حج و عمرہ پر جانے کے لیے نظام میں مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے ، اسی طرح زیارات کے لئے بھی نظام ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں برادر اسلامی ممالک کے ساتھ سیاحت کے لیے بہتر اقدامات کرنا ہوں گے۔اس موقع پر مختلف حج آرگنائزرز کی جانب سے نمائش میں اسٹال لگائے تھے۔ دنیا بھر سے 33 سے زائد مذہبی سیاحت کے اداروں نے نمائش میں شرکت کی ۔