شازیہ مری کی قلات میں بس پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت

معصوم لوگوں کا قتل کھلی بربریت اور ظلم کی انتہا ہے، ایسے واقعات بلوچ روایات کے بھی خلاف ہیں،غیرملکی ایماء پر معصوم اور نہتے لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے یہ لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں،بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث عناصر سیسخت آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، بیان

بدھ 16 جولائی 2025 23:11

شازیہ مری کی قلات میں بس پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے قلات میں بس پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کا قتل کھلی بربریت اور ظلم کی انتہا ہے، ایسے واقعات بلوچ روایات کے بھی خلاف ہیں،غیرملکی ایماء پر معصوم اور نہتے لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے یہ لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں،بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث عناصر سیسخت آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ قوم فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کیخلاف متحد ہے، دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروئیاں بڑھتی جارہی ہیں وفاقی اور صوبائی حکومت ایسے عناصر کء سرکوبی کرے۔ شازیہ مری نے کہاکہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد پاکستان کے معصوم لوگوں کے خون سے اپنے ناپاک عزائم حاصل نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شہداء کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ریاست کی اولین ترجیح ہے، فتنہ الہندوستان کے خلاف پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

شازیہ مری نے کہاکہ اس سانحے میں شہید ہونے والے شہریوں کے خاندانوں کے غم میں مجھ سمیت ہر پاکستانی برابر کے شریک ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تبارک وتعالی سے دعا ہے کہ وہ شہیدوں کے درجات بلند اور انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے، آمین، زخمیوں کے علاج اور جلد صحتیابی کیلے بھی دعاگو ہیں۔