صوبے بھر میں سرپلس اساتذہ کی ریشنلائزیشن کی اجازت، مریم نواز کا اہم فیصلہ

بدھ 16 جولائی 2025 22:15

صوبے بھر میں سرپلس اساتذہ کی ریشنلائزیشن کی اجازت، مریم نواز کا اہم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں سرپلس اساتذہ کو دیگر اسکولوں میں منتقل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ اقدام محکمہ سکول ایجوکیشن کی ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت اٹھایا گیا ہے جس کا مقصد ضرورت مند اسکولوں میں تدریسی عملے کی فوری فراہمی یقینی بنانا ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق ابتدائی طور پر 47 ہزار اساتذہ کی ریشنلائزیشن کا منصوبہ تھا، تاہم اساتذہ کی تنظیموں کے مطالبے اور دباؤ پر یہ تعداد کم کر کے 25 ہزار کر دی گئی ہے۔

ریشنلائزیشن کا عمل آج سے باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں اساتذہ کی خالی آسامیوں کو برقرار رکھا جائے گا، صرف سرپلس اساتذہ کی منتقلی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اساتذہ کو ترجیحی بنیاد پر ان کے پسندیدہ اسٹیشن کے انتخاب کا اختیار بھی دیا جائے گا تاکہ عمل دوستانہ ماحول میں مکمل ہو۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کے مطابق جن اساتذہ کو ریشنلائزیشن کے تحت اسکولوں میں سرپلس قرار دیا گیا ہے، انہیں باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے اور جلد ہی ان کی نئی تعیناتیوں کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ ریشنلائزیشن کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور اساتذہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ تعلیمی معیار پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔