شبلی فراز دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل ، چیئرمین سینیٹ نے فون کرکے خیریت دریافت کی

بدھ 9 جولائی 2025 20:03

شبلی فراز دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل ، چیئرمین سینیٹ نے فون کرکے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز کو سینے میں شدید تکلیف کے باعث ہنگامی طور پر پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ میڈیکل ٹیم شبلی فراز کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

اسپتال ذرائع کے مطابق شبلی فراز کو دل کی تکلیف ہوئی تھی تاہم ان کی حالت فی الوقت مستحکم ہے۔ علالت کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شبلی فراز کو ٹیلیفون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے شبلی فراز کو ایوانِ بالا کا فعال، باشعور اور سنجیدہ رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، جبکہ انسانی ہمدردی اور خیریت دریافت کرنا معاشرتی اقدار کا اہم جزو ہے۔ ایوانِ بالا کے دیگر ارکان کی جانب سے بھی سینیٹر شبلی فراز کے لیے دعاوں اور نیک خواہشات کا اظہار جاری ہے۔