گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے حبیب بنک لمیٹڈ کے وفد کی ملاقات

بدھ 9 جولائی 2025 22:58

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے حبیب بنک لمیٹڈ کے ریجنل ہیڈ ریٹیل میر احسن اویس ، ریجنل ہیڈ کریڈٹ عمر عزیز خان ، ایریا منیجر کینٹ ارباب محمد سرفراز خان پر مشتمل وفد نے بدھ کے روز ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ کے بڑے دیہاتوں میں حبیب بنک کی برانچز کا دائرہ کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جنوبی اضلاع ، ڈیرہ اسماعیل خان میں متعدد صنعتی یونٹ شہر سے دور ہیں ، دیہی علاقوں کے زمینداروں کو شہر میں رقم منتقلی میں سیکورٹی کے مسائل درپیش ہیں لہذا بڑے دیہاتوں میں بنک کی برانچز کا دائرہ کار بڑھایا جائے ۔ ملاقات میں حبیب بنک کی جانب سے صوبہ میں کھیلوں کے فروغ ، زمینداروں کی حوصلہ افزائی اور تعلیم کے فروغ کے لیئے کردار بڑھانے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت کی توجہ کرپشن پر مرکوز ہے صرف ڈیرہ اسماعیل خان میں میلہ کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کیئے گئے جبکہ ملک اور صوبہ کا نام دنیا میں روشن کرنے کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑیوں کو چند ہزار کا ائیر ٹکٹ نہیں دیا جاتا ۔ ملاقات میں چھوٹے زمینداروں کو مدد فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔