نارووال نے میڈیکل کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل حاصل کرلیا

کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال نارووال کو ایف سی پی ایس ٹریننگ کے لیے منظورکر لیا

بدھ 9 جولائی 2025 23:01

نارووال نے میڈیکل کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل حاصل کرلیا
نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) نارووال نے میڈیکل کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل حاصل کر لیا، کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال نارووال کو ایف سی پی ایس ٹریننگ کے لیے منظور کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی طرف سیڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال نارووال کو ایف سی پی ایس (FCPS) ٹریننگ کے لیے منظور کر لیا گیا ہے ۔

یہ ٹریننگ میڈیسن،سرجری،گائنی اور پیڈیا کے شعبوں میں دی جائے گی۔اس وجہ سے نارووال نے میڈیکل میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ اس نہایت اہم سنگِ میل کے لیے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال کے ویژن،ڈپٹی کمشنر/پروجیکٹ ڈائریکٹر نارووال میڈیکل کالج سید حسن رضا کی کاوشوں اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر محمد افضال،پرنسپل ڈاکٹر محمد کامران کی انتھک محنت، بہترین انتظامی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ قیادت اور شب و روز کی کوششوں کا ثمر ہے، جنہوں نے ادارے کو اعلی معیار کی طبی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے قابل بنایا۔

(جاری ہے)

یہ منظوری نہ صرف ادارے کی پیشہ ورانہ ساکھ میں اضافے کا باعث بنے گی، بلکہ نوجوان ڈاکٹروں کے لیے ایک سنہرا موقع فراہم کرے گی کہ وہ اعلی تربیت حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ہم تمام اساتذہ، انتظامیہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، فیکلٹی اور عملے کی اس کامیابی میں شرکت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔