پونچھ ڈسٹرکٹ جیل ،پولیس کے وحشیانہ تشدد سے ایک کشمیری سیاسی قیدی زخمی

بدھ 9 جولائی 2025 21:10

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) مقبوضہ جموں و کشمیر کی پونچھ ڈسٹرکٹ جیل میں بھارتی پولیس اہلکاروں کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے جیل میں قید ایک کشمیری سیاسی قیدی زخمی ہو گیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جیل میں بھارتی پولیس اہلکاروں نے کشمیری سیاسی قیدیوں کی طرف سے الگ بیرک کے مطالبے پر انہیں لاٹھی چارج سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال کا نشانہ بنایا ،جس سے ایک سیاسی نظربند عادل حامد ڈار شدید زخمی ہو گیا ۔

(جاری ہے)

شوپیاں سے تعلق رکھنے والے عادل ڈار کو ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ منتقل کیاگیاہے۔جیل حکام نے اضافی پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کردیاہے۔ واضح رہے کہ پونچھ ڈسٹرکٹ جیل میں کشمیری نظربندوں کو جیل انچارج ڈی ایس پی خالد امین کی طرف سے ظلم و تشدد اور مذہبی پابندیوں کا نشانہ بنایاجارہاہے ۔کشمیری نظربندوںکو زبردستی داڑھیاں منڈوانے کا حکم دیاگیا ہے اور جیل میں قرآن پاک کی تلاوت پربھی پابندی عائد ہے۔ پولیس افسر خالد امین جیل میں حریت کارکن ضیا مصطفی کے دوران حراست قتل میں ملوث ہے۔