,کارروائی میں پالک، قلفہ ساگ، پودینہ اور سلاد جیسی سبزیاں شامل تھیں، جنہیں صحت کے لیے خطرناک قرار دیا گیا،بلوچستان فوڈاتھارٹی

بدھ 9 جولائی 2025 22:35

}کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت فصلوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایک اور مثر کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ میں تقریبا 40 ایکڑ اراضی پر سیوریج کے پانی سے کاشت کردہ سبزیاں تلف کر دیں۔کارروائی میں پالک، قلفہ ساگ، پودینہ اور سلاد جیسی سبزیاں شامل تھیں، جنہیں صحت کے لیے خطرناک قرار دیا گیا۔

بی ایف اے کی خصوصی آپریشن ٹیموں نے پولیس کے تعاون سے زمین پر موجود زہریلی سبزیوں کو ٹریکٹر چلا کر مکمل طور پر تباہ کیا جبکہ استعمال ہونے والے آلودہ پانی کے ذرائع کو بھی فوری طور پر بند کر دیا گیا تاکہ دوبارہ کاشت کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے وقار خورشید عالم کا کارروائی سے متعلق کہنا ہے کہ مضر صحت سبزیاں عوام میں خطرناک بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بی ایف اے کی کارروائیاں کسی رعایت کے بغیر جاری رہیں گی اور جہاں بھی زہریلی فصلیں ہوں گی وہاں بی ایف اے موجود ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل کے مطابق صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے کی واضح ہدایات پر کارروائیاں جاری ہیں جن کا مقصد کوئٹہ بھر میں ناقص سبزیوں کا مکمل خاتمہ ہے۔ بی ایف اے کا مقف واضح ہے کہ "صحت مند قوم کے لیے صحت مند خوراک ناگزیر ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے بی ایف اے کی جانب سے یہ کارروائیاں عدالتی احکامات اور متعدد انتباہات کے باوجود کی جانے والی مسلسل خلاف ورزیوں کے تناظر میں کی جا رہی ہیں۔ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری اور مشکوک سبزیوں سے اجتناب کریں اور ایسی کاشت کی نشاندہی کرکے ان کے مکمل خاتمے میں بی ایف اے کا ساتھ دیں۔