صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کا ضلع پشین کے تعلیمی اداروں کا دورہ

بدھ 9 جولائی 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے ضلع پشین کے مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ سپیشل سیکرٹری اسکولز، ڈائریکٹر اسکولز، ڈائریکٹر کالجز اور دیگر اعلیٰ تعلیمی افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے سٹوڈنٹس اور ٹیچرز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سُنے اور فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے غیر فعال کمپیوٹر لیبارٹریز، سائنس لیبارٹریز اور لائبریریوں کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت جاری کی۔ راحیلہ حمید خان درانی نےکہا کہ تعلیم ہی ترقی کا راستہ ہے۔ تعلیم آپ کا حق ہے، اور حکومت کا فرض ہے کہ آپ کو بہتر تعلیم دے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی محکمہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل اور یہ یقینی بنائیں گے کہ تعلیمی ادارے معیاری تعلیم فراہم کریں۔

وزیر تعلیم نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے نبھائیں اور غیر حاضری سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو بہتر مستقبل کے لیے تیار کیا جائے۔ غیر حاضری کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اسکولوں اور کالجوں کو جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے، لیکن اگر کوئی لیب یا لائبریری بند پائی گئی تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کے اچانک دورے جاری رکھیں گی تاکہ نگرانی کے ذریعہ نظامِ تعلیم کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تعلیم ہماری ترقی کی بنیاد ہے، اور ہم اس شعبہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔دور ہ کے اختتام پر ٹیچرزاور سٹوڈنٹس نے وزیر تعلیم کے اقدامات کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ اس سے تعلیمی اداروں کے معیار میں بہتری آئے گی۔