انگلینڈ نے بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں اسپیڈ اسٹار کو شامل کرلیا

اس بار جوفرا آرچر کی واپسی یقینی طور پر شبھمن گل کو روکنے کے لیے ہوگی‘مبصرین کے تبصرے

جمعرات 10 جولائی 2025 11:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)انگلینڈ نے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کو بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون میں شامل کرلیا۔ جمعرات کو بھارت اور انگلینڈ کے مابین تیسرا ٹیسٹ لارڈز کے میدان میں کھیلا جائے گا، پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔جوفرا آرچر ساڑھے چار سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کررہے ہیں۔

آرچر نے آخری بار فروری 2021 میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا، جس میں کہنی اور کمر کی چوٹوں نے انہیں عبوری طور پر وائٹ بال کرکٹ تک محدود کر دیا تھا۔انہوں نے گزشتہ ماہ فرسٹ کلاس ایکشن میں کامیاب واپسی کی، سسیکس کے لیے 18 اوورز کرائے جس سے ٹیسٹ اسکواڈ میں ان کی شمولیت کی راہ ہموار ہوئی۔29 سالہ نوجوان کی واپسی 2019 میں اسی مقام پر ان کے ڈیبیو کی یاد دلاتی ہے، جس میں انہوں نے آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ کو اپنی تیز رفتار بولنگ سے پریشان کردیا تھا جس میں ایک باؤنسر بھی ان کے ہیلمٹ پر لگی تھی۔

(جاری ہے)

اس بار جوفرا آرچر کی واپسی یقینی طور پر شبھمن گل کو روکنے کے لیے ہوگی۔آرچر نے جوش ٹونگ کی جگہ الیون میں جگہ بنائی ہے، انگلینڈ نے یہ واحد تبدیلی دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد کی ہے۔انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس کپتان، جیمی اسمتھ، کرس ووکس، بریڈن کارس، جوفرا آرچر اور شعیب بشیر شامل ہیں۔