Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت نے امیونائزیشن پروگرام کو موثر انداز میں چلانے کے لئے ایکشن پلان تیار کر لیا، پروگرام کے ٹرانسپورٹ بجٹ میں پانچ گنا اضافہ

جمعرات 10 جولائی 2025 12:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) خیبر پختونخوا حکومت نے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت بچوں میں مختلف بیماریوں کی روک تھام کے لئے امیونائزیشن پروگرام کو موثر انداز میں چلانے کی غرض سے ایکشن پلان تیار کر لیا جس پر عملدرآمد کے لئے ٹرانسپورٹ بجٹ میں پانچ گنا سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔وزیر اعلی ہاوس پشاور سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے ایکشن پلان پر عملدرآمد کا اجرا کردیا۔ یہ حال ہی میں جاری کرہ صوبائی حکومت گڈ گورننس روڈ میپ کا پہلا ایکشن پلان ہے جس پر باضابطہ عملدرآمد شروع کردیا گیا۔ پروگرام کے تحت اگلے دو سال میں بچوں کی ویکسی نیشن کی شرح کو 90 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت صوبے میں حفاظتی ٹیکہ جات کے کوریج کی شرح 55 فیصد ہے،ایکشن پلان کے تحت ہر سال دو سال سے کم عمر کے 14 لاکھ سےزیادہ بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔

12 مختلف بیماریوں سے بچاو کے لئے ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ صوبہ بھر میں ویکسی نیشن ٹیموں کی استعداد بڑھانے کےلئے اقدامات بھی پلان میں شامل ہیں ،پلان پر عملدرآمد کے لئے ٹرانسپورٹ بجٹ 8 کروڑ سے بڑھا کر 44 کروڑ 80 لاکھ روپے کر دیا جائے گا،صوبے میں 1800 سے زیادہ ویکسی نیشن مراکز کو فعال بنایا جائے گا۔ہر مرکز میں تربیت یافتہ عملہ، کولڈ چین اور ویکسینز کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی ،ویکسی نیشن کی کم شرح والے شہری و دیہی علاقوں میں خصوصی ویکسی نیشن مہمات کا اجراء کیا جائے گا،ایکشن پلان کے تحت اہداف کے حصول کے لئے مانیٹرنگ کا مؤثر نظام وضع کیا جائے گا۔

ہر 6 ماہ بعد ویکسی نیشن کوریج کا آزادانہ تجزیہ ہوگا،ویکسی نیشن سے متعلق عوامی رویّوں پر سروے کرایا جائے گا،سروے نتائج کی بنیاد پر مؤثر آگاہی مہمات چلائی جائیں گی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کےلئے ایک نئے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے، پولیو کے ساتھ ساتھ ہم بچوں کو دیگر بیماریوں سے بھی محفوظ بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کو مستحکم بنانے کے لئے ایکشن پلان ترتیب دیا گیا ہے، یہ صرف ایکشن پلان نہیں بلکہ صوبائی حکومت کی پولیو کے خاتمے کے لئے کمٹمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اصل کام ایکشن پلان پر ان گراونڈ عملدرآمد ہے، متعلقہ محکمے، ادارے اور ضلعی انتظامیہ اس پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایکشن پلان کے اہداف کا حصول اگر چہ مشکل ہے لیکن یہ ناممکن نہیں، بہتر ٹیم ورک، عزم اور محنت کے ذریعے ہم یہ اہداف حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کے لئے 8 ارب روپے رکھے گئے ہیں بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے سلسلے میں تعاون کے لئے بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے تعاون کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم سب مل کر صوبے کو پولیو سمیت دیگر موذی امراض سے پاک کریں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات