مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں جاری، اموات کی تعداد 87 ہوگئی

26 جون سے اب تک ہونے والی بارشوں سے 171 گھروں کو جزوی نقصان ہوا اور 71 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جولائی 2025 13:09

مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں جاری، اموات کی تعداد 87 ہوگئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2025ء ) ملک بھر کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور رواں سپیل میں اموات کی تعداد 87 ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث 26 جون سے 9 جولائی کے دوران مختلف حادثات میں 87 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 42 بچے 29 مرد اور 16 خواتین شامل ہیں، اسی دوران بارشوں کے باعث زخمی ہونے والے 149 افراد میں 61 بچے، 52 مرد اور 36 خواتین ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ سیلابی ریلوں اور بارشوں سے سات کلومیٹر سڑکیں متاثر ہوئیں، تین پلوں کو نقصان پہنچا، 171 گھروں کو جزوی نقصان ہوا اور 71 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے، ملک بھر سے 106 مویشیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا اور ملک بھر میں مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 13جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے نیا الرٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، تمام ڈپٹی کمشنرز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے اور ادارے مشینری سمیت عملے کو تیار رکھیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور چوکنگ پوائنٹس پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے، بارشوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں کے قریب نہ جائیں، بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں، کسی بھی ہنگامی صورت حال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔