ضم اضلاع میں قیام امن کیلئے صوبائی حکومت جلد اے پی سی طلب کر رہی ہے، بیرسٹر سیف

جمعرات 10 جولائی 2025 13:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں قیام امن کیلئے صوبائی حکومت جلد اے پی سی طلب کر رہی ہے، جس میں تمام پارٹیوں کو شرکت کرنی چاہئے۔خیبر پختونخوا حکومت کی ترجمان کی جا نب سے جاری شدہ بیان کے مطابق بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ضم اضلاع میں دہشت گردی کے خاتمے کےلئے سنجیدہ قدم اٹھایا ہے، سیاسی پارٹیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے بھی اس اہم مسئلے کو سنجیدہ لینے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی مشیر نے کہا کہ ضم اضلاع میں قیام امن کیلئے صوبائی حکومت جلد اے پی سی طلب کر رہی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو اس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے ضم اضلاع کے منتخب ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کا ایک اہم اجلاس بھی طلب کیا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹرسیف کا کہنا تھا کہ تمام مکاتبِ فکر اور ضم اضلاع کے عوام کو بھی اس عمل میں شریک کیا جائے گا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ضم اضلاع میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اجتماعی کوششوں سے ہی اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔