2024 میں ہونیوالے فوٹو شوٹ کے بعد حمیرا اصغر اچانک غائب ہو گئیں تھی، اسٹائلسٹ دانش مقصود نے پریشان کن تفصیلات سے پردہ اٹھا دیا

اداکارہ 9 ماہ سے لاپتہ تھیں، حمیرا اصغر کے ساتھ 2 مرتبہ مختلف فوٹو شوٹس پر کام کیا تھا، پہلا 2023 اور دوسرا اکتوبر 2024 میں،20 اکتوبر کو انہیں پیغام بھیجا تھا جو انہوں نے نہیں پڑھا تھا، اسٹائلسٹ نے اداکارہ کے ساتھ ہونے والی اپنی آخری بات چیت کے بارے میں بتا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 10 جولائی 2025 13:42

2024 میں ہونیوالے فوٹو شوٹ کے بعد حمیرا اصغر اچانک غائب ہو گئیں تھی، اسٹائلسٹ ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی 2025)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ ماڈل حمیرااصغر کے اسٹائلسٹ دانش مقصودنے دعویٰ کیا ہے کہ 2024 میں ہونیوالے فوٹو شوٹ کے بعد حمیرا اصغر اچانک غائب ہو گئیں تھی،اداکارہ 9 ماہ سے لاپتہ تھیں،جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹائلسٹ دانش مقصود نے حمیرا اصغر کے حوالے سے پریشان کن تفصیلات سے پردہ اٹھا دیا۔

اداکارہ حمیرا اصغر علی کے ساتھ آخری فوٹو شوٹ کیلئے کام کرنے والے اسٹائلسٹ نے اداکارہ سے ہونے والی اپنی آخری بات چیت کے بارے میں بتاتے ہوئے دانش مقصود نے انکشاف کیا کہ انہوں نے حمیرا اصغر کے ساتھ 2 مرتبہ مختلف فوٹو شوٹس پر کام کیا تھا۔ پہلا 2023 میں اور دوسرا اکتوبر 2024 میں لیکن 2024 میں ہونے والے فوٹو شوٹ کے بعد اداکارہ اچانک غائب ہو گئیں تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میں نے 20 اکتوبر کو پیغام بھیجا تھا جو انہوں نے نہیں پڑھا۔ ان کا واٹس ایپ انہیں آخری بار 7 اکتوبر کو آن لائن شو کر رہا ہے۔ان کایہ بھی کہنا تھا کہ حمیرا شوٹ سے کافی خوش تھیں انہوں نے شوٹ کی تعریف کی۔اس حوالے سے ہماری واٹس ایپ پر بات چیت ہوئی لیکن جب تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کا وقت آیا اور میری ٹیم نے ان سے ریلیز کی منظوری کیلئے تعاون کی درخواست کی تو سامنے سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

دانش نے بتایا کہ جب درخواست منظور نہیں ہوئی تو ہم نے انہیں کئی بار کال کرنے کی کوشش کی۔ کوئی جواب نہ ملنے پر ہم نے انہیں واٹس ایپ پر میسج کیا لیکن پھر بھی کوئی جواب نہیں آیا۔اسٹائلسٹ نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ حمیرا کی گمشدگی کی اطلاع کیلئے مختلف پبلیکیشن سے رابطہ کیا تھا لیکن کسی نے اس وقت تعاون نہیں کیا۔ تاہم رواں سال فروری میں صرف 2 مختلف پبلیکیشنز نے حمیرا اصغرکی گمشدگی سے متعلق خبر شائع کی تھی لیکن وہ بھی مین اسٹریم میڈیا نہیں تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ممکنہ طور پر 6 ماہ پرانی تھی۔ اداکارہ کا فلیٹ کے مالک سے آخری رابطہ بھی 2024 میں ہوا تھا جب کہ حمیرا اصغر کے گھر کی بجلی بھی کافی عرصے سے منقطع تھی۔جیو نیوز سے گفتگو  کے دوران ڈی آئی جی ساوتھ نے مزید بتایا تھا کہ فلیٹ سے ملی کھانے پینے کے سامان پرایکسپائری تاریخ 2024 کی تھی تاہم اس کیس میں مزید تحقیقات کیلئے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے جس میں ایک سے 2 روز لگ سکتے تھے۔

گزشتہ روزماڈل و اداکارہ حمیرا صغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی جاری کر دی گئی تھی۔ موت کی وجہ تاحال غیر واضح نہ ہوسکی تھی۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق لاش گلنے سڑنے (ڈی کمپوزیشن) کے آخری مراحل میں تھی جس کی وجہ سے فوری طور پر موت کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی جا سکتی تھی۔پولیس سرجن نے واضح کیا تھا کہ ابتدائی طور پر وجہ موت کے حوالے سے کوئی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا اس لئے حتمی نتائج آنے تک رپورٹ کو مکمل قرار نہیں دیا جا سکتا تھا۔

ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق خاتون کے جسم سے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزیمن کیلئے ضروری سیمپلز لے لئے گئے تھے جنہیں تجزئیے کیلئے متعلقہ لیبارٹری بھیج دیا گیا تھا۔ ان ٹیسٹوں کے ذریعے نہ صرف موت کی ممکنہ وجہ سامنے آئے گی بلکہ یہ بھی پتہ چلایا جا سکے گا کہ آیا خاتون نے کسی قسم کی منشیات یا زہریلی اشیاء کا استعمال کیا تھا۔پولیس سرجن نے یہ بھی بتایا تھا کہ خاتون کی لاش کا ابتدائی میڈیکل معائنہ کیا گیا تھا مگر لاش اس قدر مسخ ہو چکی ہے کہ ظاہری معائنے سے موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تھی۔