Live Updates

وزیرریلوے کا کراچی کے جدید کینٹ اسٹیشن کا 30 ستمبر کو افتتاح کا اعلان

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:11

وزیرریلوے کا کراچی کے جدید کینٹ اسٹیشن کا 30 ستمبر کو افتتاح کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کراچی کینٹ اسٹیشن پر بننے والا سی آئی پی لانج یورپ سے بہتر ہوگا،جس کا افتتاح 30ستمبر کو کیا جائے گا جبکہ سکھر، حیدرآباد و دیگر شہروں کے اسٹیشن بھی جدید بنائے جا رہے ہیں۔کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر و صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ 40 اسٹیشنز پر وائی فائی سہولت مہیا کی جا رہی ہے، 155 اسٹیشنز کو سولرائز کرنے جا رہے ہیں، 60 فیصد ہو چکے ہیں جبکہ کراچی کے 27 اسٹیشن سولرائز ہونے کے اقدامات ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے 2ارب کی فنانسنگ سے کراچی تا روہڑی ریل ٹریک کو بہتر بنانے کا کام شروع کیا جارہا ہے، جس سے سفری مسافت 4گھنٹے کم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

کراچی سے روہڑی تک 480کلو میٹر ٹریک کو بہتر کیا جائے گا۔حنیف عباسی نے کہا کہ کراچی سے افغانستان تک ریلوے منصوبے پر بھی کام ہو رہا ہے، اسی طرح کراچی سے گوادر اور گوادر سے کراچی تک ریلوے منصوبے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔

ریلوے کو ڈیجیٹائز کر رہے ہیں، تمام اسٹیشنز پر وائی فائی اور اے ٹی ایم مشین نصب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اب تک 11ٹرینیں آٹ سورس کر چکے ہیں، 6روز میں مزید 9 ٹرینیں آٹ سورس ہو جائیں گی جبکہ 31 دسمبر تک 38 ٹرینیں آٹ سورس کر دی جائیں گی، ریلوے کے 8 اسپتال اور 14اسکولوں کو آٹ سورس کرنے جارہے ہیں۔حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کے بڑھے ہوئے کرائے فوری طور پر کم نہیں کر سکتے۔

بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں اور کروانے والوں کو جیل بھیجا جائے گا کیونکہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کی وجہ سے ریلوے کو سالانہ 1ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 سال قبل ملنے والی بوگیاں اور انجن انتہائی ناقص معیار کے تھے، تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ سیلاب کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں جس سے آپریشن اور ریونیو نقصان بھی ہوا ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ نے بتایا کہ ریلوے کے پاس فریٹ ٹرینوں کی زبردست ڈیمانڈ ہے، این ایل سی کو 2 ٹرینیں مہیا کر دیں، وہ مزید 10 کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں۔ پاکستان ریلوے کے پاس کوئلے کی ترسیل کے لیے ڈھیروں ڈیمانڈز ہیں۔ 14 سے 15ہزار کنٹینرز کی آمدورفت ہوتی ہے، ریلوے صرف 150 کنٹینروں کی ترسیل کررہا ہے۔ فریٹ ٹرینوں کو بھی آٹ سورس کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک 2028 تک میچور ہو رہا ہے جس کیلئے فریٹ کی ضرورت ہوگی۔

ریلوے کی کوئی پراپرٹی فروخت نہیں ہوگی، لیز پر دی جا سکتی ہے۔حنیف عباسی نے کہا ہے کہ انسداد تجاوزات مہم کے تحت 15ارب کی ریلوے جائیدادیں واگزار کروا چکے ہیں اور رواں سال 50ارب روپے کی زمینوں کو واگزار کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کیا جارہا ہے جس کے تحت سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کراچی ریلوے اسٹیشن اور تمام ٹرینوں کی صفائی کا کام کرے گی۔ معاہدے سے ٹرینوں کی دھلائی کا عمل 3 گھنٹوں سے کم ہو کر ڈیڑھ گھنٹے تک آ جائے گا، فیومیگیشن کے ذریعے کھٹمل اور کیڑے مکوڑوں سے مسافروں کو نجات حاصل ہوگی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات