Live Updates

عمران خان کی ہدایات نظر انداز، پی ٹی آئی کے 25 ارکان نے تاحال قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت نہ چھوڑی

مجموعی طور پر اب تک پاکستان تحریک انصاف کے 51 اراکینِ قومی اسمبلی مختلف کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے چکے ہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 ستمبر 2025 16:53

عمران خان کی ہدایات نظر انداز، پی ٹی آئی کے 25 ارکان نے تاحال قائمہ کمیٹیوں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی واضح ہدایت کے باوجود پی ٹی آئی کے 25 ارکان نے تاحال قائمہ کمیٹیوں سے استعفے نہیں دیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق استعفیٰ نہ دینے والوں میں ایم این اے سلیم رحمان، سہیل سلطان، بشیر خان، نواز خان شامل ہیں، اس کے علاوہ محمد عاطف، شیر علی ارباب، ذوالفقار علی، نسیم علی شاہ اور شیر افضل خان نے بھی استعفے نہیں دیئے، اب تک مستعفی نہ ہونے والوں میں محمد مبین عارف، اسامہ احمد میلہ، محمد مقداد علی، غلام محمد، علی افضل ساہی اور محمد سعد اللہ شامل ہیں۔

پارلیمنٹ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسی طرح ایم این اے عمر فاروق، ریاض فتیانہ، محبوب سلطان، سردار لطیف کھوسہ اور عائشہ نذیر بھی اس لسٹ کا حصہ ہیں، عمران خان کی ہدایت کے باوجود مبینہ طور پر ابھی تک استعفے نہ دینے والوں میں میاں غوث محمد، معظم علی خان، فیاض حسین، امبر مجید اور خواجہ شیراز محمود بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف عمران خان کی جانب سے پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی، اس حوالے سے اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کے بعد عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سابق وزیراعظم کا یہ پیغام میڈیا سے گفتگو کے دوران دیا تھا، جس پر عمل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماء جنید اکبر خان نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اسی طرح موجودہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی قانون و انصاف، انسانی حقوق، آئی ٹی اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی رکنیت سے مستعفی ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک پاکستان تحریک انصاف کے 51 اراکینِ قومی اسمبلی مختلف کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات