آسام، ہندو انتہا پسندوں نے مسجد کے احاطے میں سور کا گوشت پھینک دیا، علاقے میں کشیدگی

جمعرات 10 جولائی 2025 14:33

گوہاٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء) بھارتی ریاست آسام میں ہندو انتہا پسندوں نے ایک مسجد کے احاطے میں سور کا گوشت پھینکا جس پر علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انتہا پسندوں نے پنجہ باڑی علاقے میں عید گاہ مسجد کے احاطے میں حرام جانور کا گوشت پھینکا۔ مسجد کے امام جب نماز فجر کے لیے وہاں پہنچنے تو انہیں ایک پالی تھین تھیلا ملاجس میں خنزیر کا گوشت تھا۔

(جاری ہے)

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیلے رنگ کی شرٹ اور ہیلمٹ پہنا ہوا ایک شخص موٹر سائیکل پر وہاں آیا اور احاطے میں تھیلا پھینک دیاجس کے بعد و ہ فرار ہو گیا۔ تھیلے میں نہ صرف خنزیر کا گوشت تھا بلکہ آسامی زبان میں ایک پرچی بھی موجود تھی جس میں لکھا تھا’’ میاں تم خنزیر کا گوشت کھائو‘‘۔ ایک بھارتی اخبار نے لکھا ہے کہ آسام میں ’’میاں ‘‘ کا لفظ عموماً بنگالی نژاد مسلم برادری کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔ مسجد کے احاطے میں سور کا گوشت پھینکنے کے واقعے کی وجہ سے علاقے میں سخت کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ اتوار کی رات پیش آیا ہے ۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں او ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے ۔