کراچی میں راہزنی کی واردات کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی

ڈاکو نے اپنے معلم کو پہچان لیا، مولوی سے ڈانٹ کھا کر بغیر فون چھینے چپ چاپ چلا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جولائی 2025 14:47

کراچی میں راہزنی کی واردات کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں راہ زنی کی واردات کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص موٹرسائیکل پر آکر رکتا ہے کہ اسی دوران پیچھے سے 2 ڈاکو بھی اپنی بائیک پر وہاں پہنچ کر بریک لگاتے ہیں، ان میں سے ایک ڈاکو بائیک سے اتر کر موٹر سائیکل پر موجود شہری پر پستول تان لیتا ہے اور جیسے ہی آگے بڑھتا ہے تو اسے پتا چلتا ہے کہ یہ شخص تو اس کا معلم ہے، یہ دیکھ کر واردات کی نیت سے آنے والے ڈاکو نے احتراماً شہری کو لوٹنے سے انکار کردیا، ڈاکو وہیں رک جاتا ہے اور شہری سے کوئی بات کرتا ہے، جس کے بعد وہ شہری اس ڈاکو کو ڈانٹتا ہوا دکھائی دیتا ہے اور اپنے معلم کی ڈانٹ کھا کر ڈاکو بغیر فون چھینے چپ چاپ وہاں سے چلا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن قذافی چوک کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر سعودی عرب سے والد کے انتقال کے بعد تدفین کے لیے آیا ہوا نوجوان مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت جبران کے نام سے ہوئی ہے، موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے مقتول سے لوٹ مار کی اور مزاحمت کرنے پر گولیاں مار دیں، مقتول سعودی عرب میں ملازمت کرتا تھا اور چند روز قبل ہی اپنے والد کے انتقال کی خبر ملنے پر تدفین کے سلسلے میں کراچی آیا تھا۔