پاکستان مصر کے جدید زرعی طریقوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے، رانا تنویر

جمعرات 10 جولائی 2025 21:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے خوراک رانا تنویر حسین اور پاکستان میں تعینات مصری سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں زرعی شعبے میں تعاون، آبی ذخائر، اور موسمیاتی ٹیکنالوجی جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔رانا تنویر حسین نے مصر کی خشک زراعت اور ڈرِپ ایریگیشن میں مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان جدید زرعی طریقوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے بیجوں کی بہتری، زرعی تحقیق اور استعداد کار بڑھانے کے لیے اشتراک پر اتفاق کیا۔وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ مصر کی موسمیاتی ٹیکنالوجی میں پیش رفت قابلِ تقلید ہے، اور پاکستان اس میدان میں مصری اداروں کے تجربے سے استفادہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گندم کی ذخیرہ کاری میں کمی کے لیے مصری ماڈل قابلِ عمل ہے، جبکہ حلال گوشت کی عالمی منڈی میں رسائی کے لیے مصر سے تعاون اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ زرعی خود کفالت کے لیے عالمی اشتراک ناگزیر ہو چکا ہے، اور مصر کے ساتھ تعلقات میں وسعت سے پاکستان کے کسانوں کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی زیر قیادت پاکستان بیج، پانی اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات کی راہ پر گامزن ہے۔