وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات، امن و امان کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

جمعرات 10 جولائی 2025 21:39

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات، ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکریٹری اور سینئر سیاستدان مولانا عبدالغفور حیدری کی رہائشگاہ پر اہم ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، بلوچستان کے امن و امان اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے مولانا عبدالغفور حیدری کے سیاسی تجربے اور قبائلی اثرورسوخ کو صوبے میں امن کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان میں دیرپا استحکام کیلئے سیاسی و مذہبی قوتوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ ملاقات میں سماجی ہم آہنگی، قبائلی تنازعات کے پرامن حل، اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے مل کر کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔