ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان کا باچا خان یونیورسٹی، تھانہ مندنی سمیت مختلف پولیس چوکیوں کا دورہ

جمعرات 10 جولائی 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے باچا خان یونیورسٹی، تھانہ مندنی اور ضلع کی مختلف پولیس چوکیوں کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی کے دورے کے دوران ڈی پی او چارسدہ نے باچا خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملاقات کی، جس میں کیمپس سکیورٹی کے انتظامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی کی داخلی و خارجی سکیورٹی، طلباء و عملے کی حفاظت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈی پی او چارسدہ نے تھانہ مندنی، چوکی سرکی اور چوکی شاخ 6 کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے تعینات عملے سے ملاقات کی اور موجودہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ آئے ہوئے سائلین سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور موقع پر ہی بعض شکایات کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے سائلین کو یقین دلایا کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت دستیاب ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ ڈی پی او چارسدہ نے افسران کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم کے سدباب کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔